کرناٹک اسمبلی انتخابات: بی جے پی نے جاری کی 23 امیدواروں کی دوسری فہرست، شیٹار کا نام غائب

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کے لیے بی جے پی نے اپنے 23 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے۔ حال میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق کانگریس لیڈر ناگراج چھبی کو کل گھاٹگی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس سی لیڈر اشونی سمپگی کو کولار گولڈ فیلڈ (کے جی ایف) سے میدان میں اتارا گیا ہے۔

پارٹی کے سینئر لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے قریبی این آر سنتوش کا نام دوسری فہرست سے بھی غائب ہے۔ جبکہ پہلے فہرست جاری ہونے کے بعد باغیانہ رخ اختیار کرنے والے جگدیش شیٹار کا نام دوسری فہرست میں بھی شامل نہیں ہو سکا۔

خیال رہے کہ جگدیش شیٹار نے ہبلی دھاروار سینٹرل سیٹ سے انتخاب لڑنے کا دعوی پیش کرنے کے لیے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی، لیکن بی جے پی اس سیٹ سے پہلے ہی امیدوار کا اعلان کر چکی ہے۔ شیٹار چھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

اس سے پہلے بی جے پی لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے بنگلورو میں سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹار کے باغی رویہ پر کھل کر بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ جگدیش شیٹار کو انتخابی ٹکٹ دیے جانے کی 99 فیصد امید ہے۔ ان کا نام دوسری فہرست میں آ سکتا ہے۔

قبل ازیں، راجدھانی دہلی میں دو دن غوروخوض کے بعد بی جے پی نے منگل کی رات کرناٹک انتخابات کے لیے پہلی فہرست جاری کی۔ اس کا اعلان مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج ہم آئندہ کرناٹک انتخابات 2023 کے لیے 189 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس فہرست میں 52 نئے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ اس سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی کی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے پہلے دن پی ایم مودی نے کہا تھا کہ اس بار نوجوان چہروں کو موقع دیتے ہوئے داغدار لیڈروں سے پرہیز کرنا چاہیے۔

کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس یدی یورپا کے بیٹے وجےندرا شکاری پورہ سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ شکاری پورہ یدی یورپا کی روایتی نشست ہے۔ اس بار انہوں نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

ریاستی وزیر ڈاکٹر اشوتھ نارائن سی این مالیشور سیٹ اور وزیر آر کے اشوک دو سیٹوں پدمنابھ نگر اور کنک پورہ سے الیکشن لڑیں گے۔ کنک پورہ میں ان کا مقابلہ کانگریس کے تجربہ کار ڈی کے شیوکمار سے ہوگا۔ وی سومنا ورنا سیٹ سے کانگریس لیڈر سدارامیا کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ وی سومنا چامراج نگر سیٹ سے بھی الیکشن لڑیں گے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com