آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر، ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ، ہزاروں مسلمانوں کے مرشد ومربی، سیینکڑوں اداروں کے سرپرست حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کا آج ١٣ اپریل کو سہ پہر ندوۃ العلماء میں انتقال ہو گیا، اس طرح ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ۔مولانا کی نماز جنازہ آج ہی بعد نماز تراویح ندوہ میں اور کل صبح بعد نماز فجر رائے بریلی میں ادا کی جائے گی ۔مولانا نے بڑے نازک دور میں ندوہ اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قیادت کی اور بڑے منجھدار سے ملت کی کشتی کو حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھاتے رہے ان کے علمی تبحر ،انتظامی صلاحیت، تحمل، برد باری، سنجیدگی اور متانت کی دنیا قایل تھی۔ اصابت رائے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی غیر معمولی صلاحیت اللہ نے آپ کو عطا کی تھی، مولانا کا انتقال پوری ملت کا خسارہ اور موت العالم کا صحیح مصداق ہے۔ان خیالات کا اظہار نامور عالم دین اور رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا ہے ۔ مفتی صاحب نے حضرت کی مغفرت، ترقی درجات ،ملت کو ان کا نعم البدل اور پس ماندگان جن میں ان کے خانوادہ کے ساتھ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ارکان ، ندوہ کے اساتذہ و طلباء ، ہزاروں شاگرد خصوصاً اور پوری ملت اسلامیہ عموماً شامل ہے کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔