راہل گاندھی نے اڈانی کے تعلق سے وزیراعظم مودی پر پھر کی تنقید، کہا – ‘سب کچھ سیٹھ کا اور سیٹھ صاحب کا!’

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ایک بار پھر حملہ بولا اور کہا کہ انہوں نے آسمان سے لے کر زمین اور سمندر تک سب کچھ اڈانی کے حوالے کر دیا ہے! راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے ہوائی اڈے، بندرگاہیں، پاور سیکٹر، کوئلہ، سڑکیں، کانیں، سب کچھ اڈانی گروپ کے حوالے کر دیا ہے۔

راہل گاندھی نے جمعرات کو ٹوئٹ کیا ”ہوائی اڈہ سیٹھ کا، بندرگاہ سیٹھ کی، بجلی سیٹھ کی، کوئلہ سیٹھ کا، سڑکیں سیٹھ کی، کانیں سیٹھ کی، زمین سیٹھ کی، آسمان سیٹھ کا، سیٹھ کس کا؟ سیٹھ ‘صاحب’ کا”۔ یہاں راہل گاندھی نے جو تحریر ٹوئٹ کی ہے وہ اوم پرکاش والمیکی کی مشہور نظم ‘ٹھاکر کا کنواں’ سے متاثر ہے۔ اوم پرکاش کے ٹھاکر کو یہاں رہال گاندھی نے سیٹھ سے تبدیل کر دیا ہے۔

اس کے ساتھ انہوں نے ہندوستان کا ایک ویڈیو بھی ٹوئٹ کیا ہے، جس میں سب سے پہلے پس منظر میں نریندر مودی اور اڈانی ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہیں اور نقشے میں دکھایا گیا ہے کہ اڈانی گروپ کا کاروبار ملک میں کہاں کہاں ہے۔

ویڈیو میں راہل گاندھی بولتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ وہ ویڈیو میں کہہ رہے ہیں ”وزیر اعظم کہتے ہیں سب کا ساتھ، سب کا وکاس لیکن آج ہندوستان کی سرکار ایک آدمی کے ساتھ کھڑی ہے اور ایک آدمی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اڈانی کا کاروبار 2014 کے بعد تیزی سے بڑھا ہے، کاروبار بڑھنا اچھی بات ہے مگر یہاں کاروبار بڑھا نہیں ہے بلکہ جادو ہوا ہے۔”

راہل گاندھی نے مزید کہا ”الیکٹریکل، سولر، ونگ، مائن، ڈیفنس، ڈرون، ایئرپورٹ، پاور اسٹیشن، سیمنٹ گیس ڈسٹریبیوٹر سب جگہ اڈانی اڈانی۔ وزیر اعظم صاحب میں پھر سے پوچھتا ہوں، ہندوستان کی پوری دولت ایک شخص کے حوالہ کیوں کی جا رہی ہے۔ اس کے پیچھے کون سی طاقت ہے اور یہ کون کرا رہا ہے؟ یہ سوال ہندوستان کا ہر نوجوان، ہر شہری پوچھ رہا ہے، جواب تو دیجئے!”

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com