رام نومی اور ہنومان جینتی صرف فسادات کے لیے ہیں آنے والا سال فرقہ وارانہ فسادات کا سال ہو گا ، جتیندر اوہارڈ کے بیان پر ہنگامہ ، شکایت درج

ممبرا : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما جتیندر اوہاڈ نے ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ این سی پی کے ایم ایل اے جتیندر اوہاڈ نے رام نومی کے دن چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ریاست کے کئی حصوں میں فسادات کے واقعات پر کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ رام نومی اور ہنومان جینتی صرف ریاست میں فسادات کرانے کے لیے ہیں۔ آنے والا برس فرقہ وارانہ فسادات کا برس ہو گا کیونکہ حکمران ملک کے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دے پا رہے ہیں۔ مہنگائی کو کم نہیں کیا جا سکتا لہٰذا حکومت کے پاس مذہبی تقریبات کر کے ووٹ اکٹھے کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ دوسری طرف اس بیان پر بی جے پی کے لیڈران پیچھے پڑ گئے ہیں۔ اوہاڈ کے متنازعہ بیان کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی نے گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی کہا کہ کوئی بھی رام اور ہنومان کے بھکتوں کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ رہنما مذہبی معاملات کے حوالے سے متنازعہ بیانات دینے سے گریز کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جتیندر اوہاڈ کا یہ بیان قابل اعتراض ہے۔ رام نومی ہو یا ہنومان جینتی، یہ تہوار پرامن طریقے سے منائے جاتے ہیں۔ لوگوں کا رام اور ہنومان پر بڑا اعتماد ہے۔ جس کا اظہار اس وقت ہوتا ہے۔ میرے خیال میں یہ کہنا کہ یہ تہوار فسادات کے لیے منائے جا رہے ہیں، پورے سماج اور رام بھکتوں کی توہین ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کو گھاٹ کوپر میں منعقدہ این سی پی کارکنوں اور عہدیداروں کی میٹنگ میں سابق وزیر جتیندر اوہاڈ نے اس طرح کا متنازعہ بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ رام نومی اور ہنومان جینتی صرف فسادات کے لیے منائی جاتی ہے۔ جتیندر اوہاڈ نے کہا کہ میں نے تجربہ کیا جس طرح رام نومی اور ہنومان جینتی منائی جاتی ہے، گھر میں رام اور ہنومان کی پوجا کی جاتی ہے۔ تاہم، میں نے کہا ہے کہ ایسی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے کہ رام نومی-ہنومان جینتی کی تقریبات صرف فسادات کے لیے ہیں۔ جس کی وجہ سے اس تہوار کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ میں ایک ہندو ہوں، ایک کٹر ہندو ہوں۔ جتیندر اوہاڈ نے یہ بھی کہا کہ بھگوان رام ایک ہندو ہیں جو واسودیوا کٹمبکم میں یقین رکھتے ہیں۔ ہر کوئی رام کو جانتا ہے جو اپنی ماں کی بات مانتا ہے اور اپنے بھائی کی عزت کرتا ہے۔ یہ تہوار معاشرے میں اتحاد پیدا کرتے ہیں۔ لیکن معاشرے میں زہر بویا جا رہا ہے۔ اوہاڈ نے یہ بھی کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com