سعودی عرب کی راجدھانی میں کانگریس رہنما ہدایت جینٹل کا پرتپاک خیر مقدم

ریاض: (ملت ٹائمز) کانگریس کے یوتھ لیڈر اور دہلی کانگریس میں سوشل میڈیا کے چیرمین ہدایت اللہ جینٹل کا سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں ایک پروگرام کے دوران شاندار استقبال کیاگیا اور شرکاءنے ان کی آمد پر مسرتوں کا اظہار کیا ۔ سعودی عرب میں مقیم باشندگان بہار کی تنظیم بہار انجمن نے اپنے سالانہ پروگرام میں مہمان اعزازی کے طور پر کانگریس رہنما ہدایت اللہ جینٹل کو مدعو کرکے ان کا خیر مقدم کیا ،اس موقع پر افتتاحی خطاب میں انجمن کے صدر ڈاکٹر عبد الفرح نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہدایت اللہ جینٹل نوجوانوں کے آئیڈیل لیڈر ہیں، اپنے ملک کی بہتری کیلئے ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں ، بہت کم وقت انہوں نے اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے کانگریس جیسی نیشنل اور قدیم پارٹی میں اپنی نمایاں شناخت بنائی ہے ،اپنی قوم اور سماج کیلئے ہمیشہ بے چین او ر فکر مند نظر آتے ہیں ، پوری بیباکی ساتھ میڈیا میں ، سڑکوں پر ، احتجاج کے دوران مسائل پر گفتگو کرتے ہیں ، آواز آٹھاتے ہیں، مجھے بے پناہ خوشی ہے کہ کانگریس دہلی کی یونٹ نے انہیں سوشل میڈیا کا چیرمین منتخب کیا ہے ،اس لئے ہدایت جینٹل جیسے رہنما کا ساتھ ، آگے بڑھانا اور ان کا تعاون کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے چیف گیسٹ شاہین الاسلام کا بھی ذکر خیر کیا اور کہاکہ شاہین صاحب آر جے ڈی کے سینئر لیڈر ہیں اور عوام کے درمیان مقبولیت رکھتے ہیں ۔

 کانگریس لیڈر ہدایت اللہ جینٹل نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے بہارانجمن کے ذمہ داروں کا شکریہ اد ا کیا کہ آپ نے مجھے یہاں مدعو کرکے اعزاز بخشا ہے جس کیلئے شکرگزار ہیں ، انہوں نے کہاکہ مجھے بے پناخوشی ہورہی ہے کہ ہمارے بہار کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح سعودی عرب میں بھی اپنا مقام رکھتے ہیں ، سبھی یہاں متحد ہیں اور اپنے ملک کی ترقی اور بہتری کیلئے ہمیشہ کیلئے فکر مندنظر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ حضرات بہار اور ہندوستان کے یہاں ترجمان ہیں اور آپ کی وجہ سے ملک کی نیک نامی میں اضافہ ہوتاہے ۔

ہدایت اللہ جینٹل نے اس موقع پر سیاسی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس ملک کی سب سے قدیم پارٹی ہے جس نے ملک کی آزادی میں نمایاں کردار ادا کیاتھا اور آج بھی یہ پارٹی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ، یہی پارٹی اور ہمارے لیڈر راہل گاندھی ہر مدعے کو اٹھاتے ہیں ، ملک کی اور سبھی کمیونٹیز کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کرتے ہیں ، اقلیتوں اور کمزور طبقات کا ساتھ کانگریس ہمیشہ کھل کردیتی ہے ۔ ملک کے عوام کا بھروسہ بھی کانگریس پر لگاتاربناہواہے ، اسی کا نتیجہ ہے کہ کرناٹک میں کانگریس شاندار جیت حاصل کررہی ہے ، جس میں آپ سے مخاطب ہوں اس وقت ریزلٹ نہیں آیاہے لیکن مجھے یقین ہے کہ کرناٹک میں ہماری پارٹی شاندار جیت حاصل کرے گی اور کل ایسا ہی ریزلٹ آئے گا ۔

انہوں نے اس موقع پر یہاں موجود سامعین سے کہاکہ یہاں آنے کے بعد ایسا لگ رہاہے جیسے اپنوں سے بچھڑنے کے بعد دوبارہ یکجاہونے پر محسوس ہوتاہے ۔میں ہمیشہ آپ لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں ،جب بھی یہاں یا وہاں کوئی مسئلہ ہو تو آپ ہمیں آگاہ ضرور کریں، میں ،میری ٹیم اور میری پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی ۔ آپ سب لوگوں کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ۔

 آرجے ڈی ایم ایل اے اختر الاسلام شاہین اپنے خطاب میں انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کی مقدس سرزمین پر آنے کے بعد بے پناہ خوشی ہورہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ آپ کا صوبہ بہار اب بدل رہاہے ، وہاں ترقی کی ہوائیں چل رہی ہے اور اب پہلے جیسا وہ نہیں رہا ۔

واضح رہے کہ بہار انجمن کا یہ ساتواں سالانہ پروگرام تھاجس میں بڑی تعداد میں سعودی عرب میں رہنے والے باشندگان بہار اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے اہل وطن نے شرکت کی اور اپنے ملک سے تشریف لائے مہمانوں سے ملکر مسرتوں کا اظہار کیا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com