نئی دہلی :سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ 5 مئی کو سینما گھروں میں آنے والی فلم دی کیرالہ اسٹوری کی ریلیز پر روک لگانے سے انکار کرنے والے کیرالہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر منگل کو سماعت کرے گی۔
صحافی قربان علی کی طرف سے دائر اپیل کی پیروی سینئروکیل کپل سبل نے کی چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پارڈی والا پر مشتمل بنچ نے آج اس کی سماعت پر اتفاق کیا تھا لیکن بعد میں کہا کہ پیر کو سہ پہر 3 بجے خصوصی بنچ کے سامنے بعض معاملات کی طے شدہ سماعت کی وجہ سے اس پر 16 مئی کو سماعت ہوگی ۔
سینئر وکیل نے کہا کہ اس پر فوری سماعت کی ضرورت ہے کیونکہ ہائی کورٹ نے 5 مئی کو فلم کی ریلیز پر عبوری روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ متعددعرضیوں میں فلم کی ریلیز پر روک لگانے کی درخواست کی گئی تھی اور یہاں تک کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے ذریعہ دیے گئے سرٹیفکیشن پر اعتراض کیا تھا۔
مسٹرقربان علی نے اپنی درخواست میں کہا کہ فلم نفرت انگیز تقریر کے مترادف ہے کیونکہ اس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کیرالہ کی تقریباً 32,000 لڑکیوں کو ان کے مسلمان دوستوں نے داعش میں شامل ہونے کا لالچ دیا تھا۔انھوں نے عرضی میں کہاہے کہ اس سے مختلف گروہوں کے درمیان عداوت اور نفرت پیدا ہوتی ہے۔
مسٹر قربان علی نے ہائی کورٹ میں فلم کی ریلیز پر روک لگانے کی دلیل دی تھی۔ سپریم کورٹ نے 3 مئی کو فلم سے متعلق درخواستوں پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا اور عرضی گزاروں سے کہا تھا کہ وہ دائرہ اختیار والی ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔