مسلم نوجوان کے ساتھ بی جے پی لیڈر کی بیٹی کی شادی! اتراکھنڈ کے سابق ممبر اسمبلی کو تنقید کا سامنا، سوشل میڈیا پر شادی کارڈ وائرل

دہرہ دون:  بی جے پی لیڈر و سابق رکن اسمبلی کی بیٹی کی شادی کے رقعہ نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا۔ اتراکھنڈ کے پوری میونسپل کارپوریشن کے چیرمین اور بی جے پی لیڈر یشپال بینم کی بیٹی کی شادی ٹوئٹر اور فیس بک پر بحث کا موضوع بن گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر پشپال بینم کو اپنی بیٹی کی شادی ایک مسلمان نوجوان سے طئے کرنے پر کافی تنقیدوں کا سامنا ہے۔شادی کے دعوت نامے کی تصویر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ بی جے پی کے حامی اور مخالفین بھی راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والے یشپال بینم پر تنقید کر رہے ہیں۔ ہندو تنظیموں نے سابق رکن اسمبلی کے فیصلے پر تنقید کی، جب کہ غیر بی جے پی جماعتوں نے کہا کہ اس سے بی جے پی کا دوہرا معیار ظاہر ہوتا ہے۔ دوسروں نے اسے لو جہاد کی کوشش قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم کیرالا اسٹوری کا بھی اس شادی سے موازنہ کیا گیا ہے۔بی جے پی زیر اقتدار ریاستیں کیرالا اسٹوری جیسی فلموں پر ٹیکس میں چھوٹ دیتی ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی کا ایک لیڈر اپنی بیٹی کی شادی ایک مسلمان شخص سے کروا رہا ہے۔ فیس بک صارفین نے لکھا کہ یہ بی جے پی کی دوہری پالیسی ہے، جس سے پارٹی کارکنان بھی مایوس ہو جائیں گے۔ ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ شادی 28 مئی کو پوری کے ایک ریسارٹ میں ہونے والی ہے۔ پشپال بینم پوری میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ہیں۔ وہ اس سے پہلے کانگریس کے ساتھ تھے اور 2007 میں پوری اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتے تھے۔ شادی میں بی جے پی اور کانگریس کے لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com