دہلی فساد: شاہ رخ سمیت ۴؍ مسلم نوجوان بری

نئی دہلی : دہلی فساد کے الزام میں چار ملزمین کو آج کرکرڈوما کورٹ نے شمال مشرقی دہلی کے برج پوری روڈ اور بھاگرتی وہار میں ہوئے فساد، لوٹ مار اور غیر قانونی مجمع کرنے کے واقعات سے بری کردیا ۔جن چار افراد راشد راجہ ، شاہ رخ ، شعیب عرف چھوٹوااور شاہنواز کو بری کیا گیا ہے ، ان پر کوگل پوری تھانے میں 85/20کے تحت ایف آئی آر درج تھی، 147,148,149,380,427 دفعات کے تحت مقدمات درج تھے ۔ اس سلسلے میں عدالت میں دو چشم دید گواہ پیش ہوئے، ایک گواہ منحرف ہوگیا ، جب کہ دوسرے گواہ نے کسی اور مسئلے میں چشم دید ہونے کا اقرار کیا ، جس کا مذکورہ معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ عدالت نے ثبوتوں کے فقدان کی بنیا د پر ان کو بری کردیا ۔ان ملزمین میں سے شاہنواز کو چھوڑ کر مذکورہ بالا تینوں کی طرف سے گزشتہ تین سالوں سے جمعیۃ علماء ہند عدالت میں پیروی کررہی ہے ۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر ایڈوکیٹ سلیم ملک وکیل دفاع ہیں ۔سلیم ملک نے بتایا کہ یہ لوگ جمعیۃ کی کوشش سے پہلے سے ہی ضمانت پر باہر ہیں ، ان پر دوسری ایف آئی آر کے تحت بھی مقدمہ ہے، جس میں بھی وہ کیل دفاع ہیں ۔جمعیۃ علماء ہند کے قا نونی معاملات کمیٹی کے اہم رکن مولانا نیاز احمد فاروقی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند دہلی فساد سے متعلق 261 ٹرائل کے مقدمات کی پیروی کررہی ہے ، الحمدللہ جمعیۃ کی کوششوں سے بہت سارے لوگ بری ہوئے ہیں، جمعیۃ نے ازیں قبل مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی نگرانی میں وسیع پیمانے پر ریلیف و باز آبادکاری کا کام بھی کیا ہے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com