لندن میں ٹیپو سلطان کی تلوار 140 کروڑ میں فروخت، برطانیہ میں نیلامی کا نیا ریکارڈ قائم

لندن : ہندوستان کے مشہور حکمراں و میسور کے بادشاہ ٹیپو سلطان کی تلوار لندن میں نیلام ہوگئی۔ اس نیلامی میں ٹیپو سلطان کی تلوار تقریباً 140 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے۔ اس بات کا انکشاف نیلام کرنے والے ادارہ بونہم ہاؤس نے کیا۔ بونہم ھاوس نے کہا کہ اس نے اپنے اندازے سے سات گنا زیادہ قیمت میں فروخت کیاہے ۔ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ یہ تلوار ٹیپو سلطان نے استعمال کی تھی جنہوں نے 18ویں صدی میں کئی جنگیں جیتی تھیں۔ ٹیپو سلطان کو میسور کا ٹائیگر کہا جاتا تھا۔ انھوں نے بڑی بہادری سے اپنی سلطنت کا دفاع کیا۔انہوں نے جنگوں کے دوران راکٹ آرٹلری کا استعمال کیا۔ ٹیپو سلطان کی موت کے بعد یہ تلوار برطانوی میجر جنرل ڈیوڈ بیرڈ کے حوالے کر دی گئی تھی جو بعد میں لندن منتقل ہوگئی۔ ٹیپو سلطان سے وابستہ ہتھیاروں میں یہ تلوار سب سے شاندار ہے جو اب بھی خانگی ہاتھوں میں ہے ۔ اس تلوار کی غیرمعمولی تاریخ ہے ۔ اس کیلئے دو بولی دہندگان میں سخت مقابلہ ہوا ۔ یہ تلوار بہت ہی معیاری ہے اس کو مغل دور کے تلوار بنانے والوں نے تیار کیا تھا ۔ انہوں نے سولہویں صدی میں ہندوستان میں متعارف کئے گئے جرمن بلیڈ کے ماڈل کو اس میں استعمال کیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹیپو سلطان کی شہادت کے بعد یہ تلوار برطانیہ کے میجر جنرل ڈیوڈ بیرڈ کو ہمت اور حوصلے کی علامت کے طور پر پیش کی گئی تھی ۔ ٹیپو سلطان 1782 ء میں اپنے والد کے بعد میسور کے جانشین بنے تھے ۔ ٹیپو سلطان کا دور نئے کیلنڈر اور سکوں کے نظام کیلئے بھی جانا جاتا ہے ۔ ٹیپو سلطان کے دور میں میسور نے غیرمعمولی معاشی ترقی کی تھی ۔ بعض ذرائع نے نیلامی کی قیمت 143 کروڑ اور بعض نے 145 کروڑ بھی بتائی ہے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com