اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کی شام شدید ریل حادثہ ہوا۔ ضلع کے بہناگا اسٹیشن کے پاس کورومنڈل ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، جس سے ٹرین کی کئی بوگیاں پلٹ گئیں۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ اس حادثے میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے۔ موقع پر جنگی سطح پر راحت و بچاؤ مہم چلائی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورومنڈل ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد کورومنڈل ایکسپریس پٹری سے اتر گئی۔ اس ٹکر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کورومنڈل ایکسپریس کے کئی ڈبے مال گاڑی پر چڑھ گئے۔ اس حادثہ میں اب تک 30 مسافروں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ علاوہ ازیں 175 سے زائد زخمی مسافروں کو اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے کئی کی حالت انتہائی سنگین ہے۔
#WATCH | Coromandel Express derails near Bahanaga station in Balasore, Odisha. pic.twitter.com/9Lk2qauW9v
— ANI (@ANI) June 2, 2023
جنوبی ریلوے نے کہا کہ کورومنڈل ایکسپریس ٹرین اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا ریلوے اسٹیشن کے پاس حادثہ کا شکار ہو گئی۔ کورومنڈل ایکسپریس کے ساتھ ہوئے حادثہ کے بعد پوچھ تاچھ کے لیے عارضی ہیلپ لائن نمبر 25354771-044 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹرین حادثہ کی وجہ سے ریلوے نے اس روٹ سے گزرنے والی 6 ٹرینوں کو کینسل کر دیا ہے جبکہ پانچ کو دوسرے روٹ پر بھیج دیا ہے۔ جن ٹرینوں کو کینسل کیا گیا ہے ان کے نام ہیں پوری ایکسپریس، یشونت پور ایکسپریس، سنتراگاچھی پوری اسپیشل، شالیمار سنبل پور، چنئی میل اور شالیمار پوری سپرفاسٹ۔
اسپیشل ریلیف کمشنر آفس نے کہا کہ اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا ریلوے اسٹیشن پر ہوئے حادثہ کی خبر ملتے ہی راحت و بچاؤ مہم کے لیے ٹیمیں موقع پر روانہ ہو گئیں۔ بالاسور کلکٹر کو بھی سبھی ضروری انتظامات کرنے کے لیے موقع پر پہنچنے اور ریاستی سطح سے کسی بھی اضافی مدد کی ضرورت ہونے پر ایس آر سی کو مطلع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایسٹ کوسٹ ریلوے کے پی آر او وشوجیت ساہو نے حادثے کے بارے میں کہا کہ ریلیف ٹرینیں اور بچاؤ ٹیمیں موقع کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔ سبھی تھوڑی دیر میں موقع پر پہنچ جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ جب بہت ساری خامیاں ایک ساتھ مل جاتی ہیں تو ایسے حادثے ہوتے ہیں۔ لیکن حادثے کی اصل وجہ کا پتہ جانچ کے بعد ہی چل پائے گا۔