حج مسلمانوں کا عظیم اجتماع ہے،حکومت ہند حجاج کرام کے لیے بہترین انتظامات کر رہی ہے: آغا مہدی مہدوی پور
کرگل میں ایل جی بی ڈی مسرا اور آغا مہدی مہدوی پور کے ہاتھوں حج کمیٹی یوٹی لداخ کے مرکزی دفتر کا افتتاح
کرگل (لداخ) : حج کمیٹی یوٹی لداخ کے مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایل جی بی ڈی مسرا نے کہا کہ حج مسلمانوں کے پانچ فرائض میں سے ایک اہم فریضہ ہے ۔ حج کمیٹی کے سبھی ذمہ داران حجاج کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ حج کمیٹی میں فارم بھرنے والے سبھی حجاج حج پر جائیں گے یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی حاجی کو حج کے فریضے کی ادائیگی سے محروم نہیں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی نے کرگل کے لوگوں کو کرونا کے دوران بھی ضروری سہولتیں فراہم کیں اور ایران گئے ہوئے زائرین کو ہندوستان لانے کااہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے نمائندے آقای مہدی مہدوی پور کی اس تقریب میں شرکت ہمارے لیے باعث اعزاز ہے ہم دونوں ملکوں کے درمیان اچھے دوستانہ رشتوں کو بڑھاوا دیں گے۔
حج کمیٹی یوٹی لداخ کے دفتر کے افتتاح میں مہمان خصوصی آغا مہدی مہدوی پور نے کہا کہ حج مسلمانوں کا ایک عظیم اجتماع ہے انہوں نے کرگل اور لیہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں پانچ سال قبل لیه کے سفر پر آیا تھا مگر آج لیه اور کر گل میں جو ترقیاتی کام ہو رہے ہیں وہ یہاں کی عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ہمارے قدیمی دوستانہ روابط ہیں اور روز بروز ان میں بہتری آ رہی ہے ہندوستان سے هر سال دو لاکھ سے زائد حاجی مکہ مدینہ جاتے ہیں اور تقریبا اتنی ہی تعداد میں لوگ زیارت کے لیے ایران جاتے ہیں ہم ان کو ضروری سہولتیں فراہم کر رہے ہیں انہوں نے بریگیڈیئر بی ڈی مسرا کو ایران کے سفر پر آنے کی دعوت بھی دی۔
لداخ سے ممبر پارلیمنٹ جمیانگ ژهیرنگ نمگیال نے کہا کہ حج پر جانے والے سبھی حاجیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس تقریب میں ایل جی صاحب اور آقا مہدی مہدوی پور صاحب کی شرکت ہمارے لیے باعث فخر ہے ایران و ہند کے درمیان بہت اچھے اور قدیمی رشتے ہیں اور ان میں مزید بہتری آئے گی اور زائرین کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے.
لداخ هل ڈیولپمینٹ کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے کها کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندے آقای مہدی مہدوی پور اور لداخ یو ٹی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب برگیڈیئر بی ڈی مشرا جی کے دست مبارک سے لداخ حج کمیٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح هونا ایک خوش آئند قدم ہے انہوں نے کرگل میں حج ہاوس کا قیام اور مستقل پاسپورٹ سیوا کیندر بنانے کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پر لداخ حج کمیٹی و ہل کونسل کرگل کے ممبران ،امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا صادق رجائی، انجمن اثنا عشریہ کے صدر مولانا ناظر المہدی ، انجمن صاحب الزمان کے سربراہ سید احمد رضوی ،ڈپٹی کمشنر سنتوش سکھ دیو ، ایس ایس پی کرگل عنایت علی چودھری ، سید عباس رضوی مولانا سید تقی حیدر نقوی ،مولانا جلال حیدرنقوی ،مولانا طالب حسین ، شیخ جواد حبیب کے علاوہ کثیر تعداد میں علما و سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ چیئرمین حج کمیٹی علی مجاز نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔