امپھال: منی پور میں جمعرات کی رات ننگ تھیمچا کرونگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن اسمبلی کیبی دیوی کے رہائش پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد نے مین گیٹ پر بم دھماکہ کر کے دروازے کو اڑا دیا۔ موقع پر پہنچی پولیس امپھال ویسٹ میں پیش آنے والے اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے گیٹ کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی تحقیقات میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کی جانب سے بم پھینکے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جس وقت دھماکہ کیا گیا رکن اسمبلی اپنی رہائش پر موجود نہیں تھیں۔
اس سے پہلے دن میں منی پور حکومت کے سیکورٹی ایڈوائزر کلدیپ سنگھ نے کہا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پورمپٹ پولیس اسٹیشن کے تحت علاقے سے 27 ہتھیار، 245 گولیاں اور 41 بم برآمد ہوئے ہیں۔ جبکہ بشنو پور ضلع سے ایک ہتھیار اور دو بم برآمد ہوئے ہیں۔ سیکورٹی ایڈوائزر نے کہا کہ اب تک 896 ہتھیار، 11763 گولہ بارود اور مختلف اقسام کے 200 بم برآمد ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ وادی کے پانچ اضلاع میں کرفیو میں 12 گھنٹے کی نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قریبی پہاڑی اضلاع میں 8 سے 10 گھنٹے کی نرمی کی گئی ہے۔ باقی چھ اضلاع میں کرفیو نہیں ہے۔ شمال مشرقی ریاست میں 3 مئی کو ایک ‘قبائلی یکجہتی مارچ’ کے انعقاد کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کے تحت میتئی برادری کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔ ایک ماہ قبل نسلی تشدد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 100 کے قریب افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)