نئی دہلی: ملک بھر میں یونیفارم سول کوڈ پر جاری بحث کے درمیان یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ یو سی سی سے متعلق بل پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔ تاہم تاریخ کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت اس معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے حق میں ہے۔ لا کمیشن نے لوگوں سے تجاویز بھی مانگی ہیں۔ دریں اثناء پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانونی امور نے بھی 3 جولائی کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ انتخابی سال میں اپوزیشن اپنے مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرے گی تو حکومت یو سی سی جیسے اہم موضوع پر اپوزیشن کی الجھنوں کو سامنے لانے کی کوشش کرے گی۔ حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ایک پروگرام کے دوران یونیفارم سول کوڈ کا ذکر کیا۔ اس کے بعد ملک کی سیاست میں ایک بار پھر یو سی سی کا معاملہ گرم ہو گیا ہے۔ جبکہ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ لوگوں کو یو سی سی کے تعلق سے اکسایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یو سی سی کا ذکر کرکے ملک کے عوام کو اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی جاری ہے۔






