’پارلیمنٹ میں منی پور تشدد، یونیفارم سول کوڈ اور مہنگائی پر بحث ہو‘، بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں اپوزیشن کا مطالبہ

پارلیمنٹ کے 20 جولائی سے شروع ہونے جا رہے مانسون اجلاس کے ایجنڈے پر بحث کرنے کے لیے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے ذریعہ بلائی گئی ایوان کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کی میٹنگ میں اپوزیشن پارٹیوں نے مانسون اجلاس کے دوران لوک سبھا میں منی پور تشدد، یونیفارم سول کوڈ، مہنگائی اور شمالی ہند میں آئے خطرناک سیلاب سمیت کئی دیگر ایشوز پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کی طرف سے بنگال تشدد پر بحث کرانے کا مطالبہ ہوا ہے۔ حکومت کی طرف سے اصول و ضوابط کے مطابق ہر ایشو پر بحث کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی صدارت میں ہوئی بی اے سی کی میٹنگ میں مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی، انوپریا پٹیل، ادھیر رنجن چودھری، ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بالو، اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین اویسی، بی جے ڈی لیڈر پیناکی مشرا، ایس پی لیڈر ایس ٹی حسن، ٹی آر ایس لیڈر این ناگیشور راؤ، شیوسینا (شندے گروپ) سے راہل شیوالے اور اکالی دل سے ہرسمرت کور بادل سمیت کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈران بھی موجود رہے۔
بی اے سی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکالی دل لیڈر ہرسمرت کور بادل نے بتایا کہ انھوں نے ایوان میں شمالی ہند میں آئے سیلاب کے سبب پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کے حالات اور مرکزی حکومت کے ذریعہ چنڈی گڑھ پر پنجاب کے دعوے کو کمزور کیے جانے کے مسئلہ پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میٹنگ میں اجلاس کے دوران پیش کیے جانے والے بلوں اور ان پر الاٹ وقت کو لے کر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لوک سبھا اسپیکر برلا نے بی اے سی کی میٹنگ میں اجلاس کے ایجنڈے پر بحث کرنے کے ساتھ ہی ایوان کے بہتر انداز میں چلانے کے لیے بھی سبھی سیاسی پارٹیوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com