صدر مشاورت نے دہلی کے مسلم نمائندوں کو خط لکھا، ایڈوکیٹ فیروز احمد نے ووٹر لسٹ میں ایک ایک نام کے اندراج کو یقینی بنانے پر زور دیا
نئی دہلی: (پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے دہلی کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں ایک ایک بالغ شہری کے نام کا اندراج یقینی بنائیں. مشاورت کے قومی صدر جناب فیروز احمد ایڈوکیٹ نے دہلی کے ممبران اسمبلی، ارکان میونسپل کارپوریشن اور دوسرے سیاسی و سماجی رہنماؤں کو خط لکھا ہے کہ وہ ریاست میں ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کے دوران بیدار رہیں اور اپنے حلقے میں سماجی کارکنان کی ایک ٹیم بناکر ان کو اس بات کے لئے تیار کریں کہ ملک میں اآئندہ 2024؍ میں ہونے والے عام انتخابات کی اہمیت کے پیش نظر اس ٹیم کے افراد بوتھ لیول افسران کے ساتھ رہیں اوراس بات کی کوشش کریں کہ کسی بھی گھر میں موجو د اس گھر کے 18 سال کے ہر فرد کے نام کا ووٹر لسٹ میں اندراج ہو اور وہ اس بات پر بھی نگاہ رکھیں کہ گھر میں موجود کسی ایک ووٹ کو بھی حذف نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ دہلی میں ریاستی الیکشن کمیشن نے ووٹرلسٹوں پر نظر ثانی کا کام 21جولائی سے شروع کیا ہے جو21؍اگست 2023 تک جاری رہے گا اور اس درمیان ووٹر فہرستوں میں نئے ناموں کا اندراج ہونے کے ساتھ ساتھ متوفی اور اپنے مکانوں سے دوسری جگہوں پر ہجرت کرنے والے افراد کا ووٹر لسٹوں سے نام نکالا جائے گا ۔ یہ کام وبوتھ لیول افسران کے ذریعے گھر گھر کر جاکر کیا جائے گا. خط میں کہا گیا ہے کہ ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے کام میں تعاون کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔
صدرمشاورت نے لکھا ہے کہ معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے یہ بھی اہم معلوم ہوتا ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں ووٹر بیداری مہم چلائی جائے تاکہ انتخابات کے دن اس بات کی گنجائش نہ رہے کہ رائے دہندگان کے نام ووٹر لسٹوں سے غائب نہ ملیں۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی ہے کہ 17 اکتوبر 2023 کو ریاستی الیکشن کمیشن جو ابتدائی ووٹر لسٹ شائع کرے اس پر نگاہ رکھی جائے اور اگر کسی ووٹر کانام اس لسٹ میں شامل ہونے سے رہ گیا ہے یا کسی حقیقی ووٹر کانام اس لسٹ سے حذف کردیا گیا تو فوری طر پر ریاستی الیکشن کمیشن کو اس جانب توجہ دلائی جائے تاکہ 5 جنوری 2024 کو ریاستی الیکشن کمیشن جو فائنل ووٹر لسٹ شائع کرے اس میں 17 اکتوبر 2023 کے بعد شامل کئے گئے نام موجود ہوں۔