گرگرام کے سوہنا میں شاہی مسجد پر شرپسندوں کا حملہ ، توڑ پھوڑ، پولیس نے امام اور اہلِ خانہ کی جان بچائی

گروگرام کے سوہنا علاقہ میں صبح ڈیڑھ بجے امن کمیٹی کے اجلاس کے بعد پولیس فورس نے سوہنا میں فلیگ مارچ شروع کیا۔ اسی دوران کچھ شرپسند شاہی مسجد تک پہنچ گئے۔ امر اجالا کے مطابق شرپسندوں نے مسجد میں نصب پنکھے، وہاں رکھی میزیں اور کرسیاں اور دیگر چیزیں توڑ دیں۔ 30 سے زائد تعداد میں آئے شرپسندوں نے اچانک یہاں تباہی مچادی۔ یہاں بھی آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ مسجد کے باہر کھڑی ایک کار اور موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔ اسی دوران اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تب تک شرپسند مسجد کے قریب رہنے والے مولانا کلیم کے گھر پہنچ چکے تھے۔ وہاں بھی توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ اس دوران پولیس نے شرپسندوں کو للکارتے ہوئے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی طرف سے فائرنگ کے ساتھ ہی شرپسندوں کا گروہ منتشر ہو گیا۔ تب تک آس پاس کے لوگ بھی موقع پر جمع ہو چکے تھے۔ پولیس نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے بعد پولیس کی ٹیم نے مولانا کے اہل خانہ کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان وہاں سے نکالا اور محفوظ مقام پر لے گئے۔

اس سے قبل سوہنا میں پیر کی آدھی رات کو کئی مقامات پر توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ اندری موڑ میں بنسل منی ٹرانسفر کی دکان میں شرپسندوں کے ذریعہ توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سے متصل اے ٹی ایم کو بھی شرپسندوں نے نہیں بخشا اور اسے بھی نقصان پہنچایا۔ شرپسندوں نے یہاں کے قریب واقع گوئل نرسنگ ہوم پر بھی پتھراؤ کیا اور ان کے شیشے کے دروازے توڑ دیئے۔ واقعہ کے وقت نرسنگ ہوم بند تھا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com