سیتامڑھی: ملی کونسل بہار کا چھ رکنی وفد چیف آرگنائزر مرزا ذکی احمد بیگ کی قیادت میں منیا ڈیہہ، سیتامڑھی پہنچا جس میں آل انڈیا ملی کونسل مدھوبنی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد وجہ القمر فلاحی صاحب ، حماد غزالی رکن آل انڈیاملی کونسل ، مولانا رضی احمد صاحب بیل موہن، حافظ انصار صدیقی صاحب نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل سیتامڑھی ، حافظ فیضان صاحب سیتامڑھی وغیرہ شامل تھے۔ حافظ سعد کے والد محترم محمد مشتاق نے حادثہ کی تفصیل بتائی اور مرحوم کے بڑے بھائی حافظ شاداب نے کاغذی کارروائی کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ کونسل کا قانونی عملہ ایڈووکیٹ عامر صاحب جنرل سیکرٹری آل انڈیا ملی کونسل سیتامڑھی اور ایڈووکیٹ سکندر حیات شعبہ لیگل ایڈ ملی کونسل سیتامڑھی و دیگر نے دو روز قبل ہی منیا ڈیہہ کا دورہ کیا تھا جس کے بعد کیس فائلنگ کا کام بدھ کے روز یقینی ہونا ہے لیکن سیتا مڑھی ڈی ایم کو اہل خانہ کی جانب سے اب تک کوئی میمورنڈم نہیں سونپا گیا ہے اور نہ ہی کوئی عرضی دی گئی ہے۔ وفد نے انھیں ڈی ایم کو میمورنڈم دینے کی گزارش کی جس میں حافظ انصار صدیقی صاحب نے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا اور مرحوم کے بڑے بھائی کے دلی میں رہنے سہنے کے تعلق سے بھی گفتگو ہوئی جس پر حافظ انصار صدیقی صاحب نے کہا کہ دلی میں مرحوم کے بھائی کے قیام و طعام میں جو بھی مدد ہوسکے گی وہ کریں گے ۔ واضح ہوکہ وفد نے مرحوم کی قبر پر دعاء مغفرت بھی کی۔