نئی دہلی: ( پریس ریلیز) معروف تھنک ٹینک ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے جنرل اسمبلی کی دو روزہ میٹنگ 26- 27 اگست بروز سنیچر اتوار کو آئی او ایس کانفرنس ہال میںمنعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ملک بھر سے جنرل اسمبلی کے ممبران نے شرکت کی اور متعدد اہم تجاویز منظور ہوئی ۔ آئی او ایس کے بانی اور چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم ان دنوں شدید علیل ہیں اور میکس ہسپتال میں زیر علاج ہیں اس وجہ سے وہ شریک نہیں ہوسکے ، صدارت کا فریضہ آئی او ایس کے جنرل سکریٹری پروفیسر زیڈ ایم خان نے انجام دیا ۔
میٹنگ میں گذشتہ کاروائیوں کی تصدیق ہوئی ، اگلے سال کا بجٹ منظور کیاگیا ، اس کے علاوہ گیارہویں آئی او ایس لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ کیلئے جسٹس آفتاب احمد سابق جج سپریم کورٹ آف انڈیا کے نام کا انتخاب کیا گیا ۔ آئی او ایس کی روایت کے مطابق شخصیت پر قومی سمینار کے انعقاد کیلئے مولانا رابع حسنی ندوی سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کا نام تجویز کیا گیا اسی سال یہ دو روزہ قومی سمینار منعقد ہوگا۔ عالمی شخصیت پر انٹرنیشنل سمینار کیلئے ڈاکٹر عبد الحمید ابو سلیمان کے نام پر اراکین نے اتفاق کیا جن کے دینی علوم اور اسلامی افکار کے فروغ میں نمایاں کارنامہ ہے۔ گذشتہ ایک سالوں میں متعدد اداروں اور یونیوسٹیز کے درمیان ہونے والے دو طرفہ معاہدوں کی توثیق کی گئی ۔ میٹنگ میں آئی او ایس کو دیئے گئے مہاتماگاندھی ایوارڈ پر بھی گفتگو ہوئی ۔ علاوہ ازیں میٹنگ میں ترجمہ کے کام کو مزید آگے بڑھانے اور کچھ نئے پروجیکٹس کو شروع کرنے پر فیصلہ لیا گیا ۔ آئی او ایس کے ڈیٹا بینک ، ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اراکین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں اگلے پانچ سالوں کیلئے گورننگ کونسل کے ممبران کا بھی انتخاب عمل میں آیا جس میں ڈاکٹر منظور عالم ، پروفیسر افضل وانی ، پروفیسر زیڈ ایم خان ، جناب محمد عالم ،پروفیسر حسینہ حاشیہ ، پروفیسر ایم اشتیاق ، ڈاکٹر میجر زاہد حسین ، پروفیسر محسن عثمانی ، ڈاکٹر محمد امتیاز ، پروفیسر عرشی خان ، پروفیسر شمیم اے انصاری ، عبد الباسط اسماعیل ، پروفیسر محمد فہیم اختر ندوی ، جناب ابراہیم عالم ، جناب وی بی راوت اور ڈاکٹر محمد کلیم عالم کے نام سر فہرست ہیں ۔میٹنگ کے اختتام پر پروفیسر مرزا اسمر بیگ علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی نے موجودہ ہندوستان میں قومی یکجہتی کے چیلنجز پر معلوماتی لیکچر پیش کیا ۔
میٹنگ میں ملک بھر سے جنرل اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی جن میں پروفیسر افضل وانی (دہلی) پروفیسر زیڈ ایم خان (نوئیڈا) پروفیسر حسینہ حاشیہ (دہلی) پروفیسر ایم اشتیاق ، پروفیسر محسن عثمانی ( حید ر آباد ) ڈاکٹر میجر زاہد حسین (چنئی) پروفیسر عرشی خان ( علی گڑھ) پروفیسر شمیم انصاری ( علی گڑھ ) جناب عبد الباسط اسماعیل (کولکاتا) پروفیسر فہیم اختر ندوی (حیدر آباد) جناب ابراہیم عالم (نئی دہلی) شیخ نظام الدین (شولاپور مہاراشٹرا) جناب وی بی راوت (غازی آباد) پروفیسر اقبال حسین (نئی دہلی) پروفیسر ظفر محفوظ نعمانی (علی گڑھ) فیروز احمد صدیقی ، پروفیسر مرزا اسمر بیگ (علی گڑھ) پروفیسر سید جمال الدین ( علی گڑھ) ڈاکٹر محمد آفتاب عالم پروفیسر حمید اللہ مرازی (کشمیر) کے نام سر فہرست ہیں ۔ میٹنگ میں آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعاء کا اہتمام کیا گیا قبل ازیں میٹنگ کا آغاز مولانا اطہر حسین ندوی کی تلاوت سے ہوا ۔