وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، ہندوستان-کینیڈا تنازعہ پر نہیں ہوئی کوئی بات

واشنگٹن: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کی جی-20 صدارت کے اہم نتائج، ہندوستان-مشرق وسطی-یورپ اقتصادی راہداری کے قیام اور دیگر کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حال ہی میں ہندوستان میں منعقدہ جی-20 سربراہی اجلاس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی اعلیٰ سطحی بات چیت ہے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ہونے والی میٹنگ سے پہلے بلنکن کے ساتھ میڈیا کے سامنے پیش ہوتے ہوئے ایس جے شنکر نے کہا، ”یہاں واپس آکر اچھا لگا۔ موسم گرما میں ہمارے وزیراعظم یہاں تشریف لائے تھے۔ جی-20 سربراہی اجلاس کے لیے تمام حمایت کے لیے امریکہ کا شکریہ۔”

میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں جی-20 اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سمیت مختلف مواقع پر ان سے معنی خیز گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب سے بات چیت کے منتظر ہیں۔ تاہم دونوں رہنماؤں نے میڈیا کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ”آج محکمہ اسٹیٹ میں اپنے دوست امریکہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سےے مل کر بہت اچھا لگا۔ وزیر اعظم کے جون کے دورے کےک بعد وسیع تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے ےعلاوہ عالمی ترقی پر دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ بہت جلد ہونے والی ہماری ٹو پلس ٹو میٹنگ کا خاکہ بھی تیار کیا گیا۔”

میٹنگ کے بعد محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا، ”سیکرٹری آف اسٹیٹ اور وزیر خارجہ نے آئندہ ٹو پلس ٹو مذاکرات سے پہلے خاص طور پر دفاع، خلائی اور صاف توانائی کے شعبوں میں میں تعاون کی مسلسل اہمیت پر زور دیا۔”

ایس جے شنکر نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان ‘ٹو پلس ٹو’ مذاکرات کے پانچویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ تاہم انہوں نے ان ملاقاتوں کی تاریخوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ توقع ہے کہ یہ ملاقاتیں نومبر کے شروع میں ہوں گی۔ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کریں گے۔ جبکہ ہندوستانی وفد کی قیادت جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کی ہلاکت کے بعد سفارتی تعطل چل رہا ہے۔ تاہم اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان جاری سفارتی بحران کا ذکر نہیں کیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com