دھونی کو پونے سپرجاٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے سے اظہر ناراض، کہا فیصلہ اشتعال انگیز

نئی دہلی،(ملت ٹائمز)
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو انہیں آئی پی ایل ٹیم رائزنگ پونے سپرجاٹس کی کپتانی سے ہٹائے جانے کی خبر شہ سرخیوں میں ہے۔دھونی کو پونے نے جس طریقے سے ہٹا دیا ہے، اس پرٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔اظہر نے کہا کہ انتہائی اشتعال انگیز انداز میں یہ فیصلہ لیا گیا۔دھونی نے ٹیم انڈیا اور آئی پی ایل میں اپنی ٹیم (چنئی سپر کنگز)کے لئے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ٹیم کو چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ایسے میں ان کوہٹانے سے پہلے ان کے (دھونی کے)قد اور رتبے کا خیال رکھا جانا چاہیے تھا۔
ایک نیوز چینل سے بات چیت میں اظہر نے کہاکہ جس طریقے سے یہ فیصلہ کیا گیا وہ تیسرے درجے کا اور ذلت آمیز تھا۔دھونی ہندوستانی کرکٹ کے کوہ نور ہیں انہوں نے اپنی کپتانی میں گزشتہ آٹھ نو سال میں ہر ٹورنامنٹ جیتا ہے۔فرنچائزز یہ کہہ سکتی ہیں کہ وہ اپنے پیسوں سے ٹیم چلا رہے ہیں، کیا انہیں دھونی کو کپتانی سے ہٹانے سے پہلے ان کا قد اور رتبہ نہیں دیکھنا چاہئے تھا۔سابق کرکٹر ہونے کی وجہ سے مجھے اس پر غصہ آیا اور میں اس سے ناخوش ہوں۔رائزنگ پونے سپرجاٹس نے دھونی کے مقام پر آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان سٹیو اسمتھ کو پونے کی کپتانی سونپی ہے،اس کے ساتھ ہی دھونی کی انٹرنیشنل کرکٹ اور فرنچائزز کرکٹ، دونوں میں کپتانی اننگز ختم ہو گئی۔واضح رہے کہ پونے گزشتہ سیشن میں آٹھ ٹیموں کے درمیان ساتویں نمبر پر رہا تھا۔پونے کی ٹیم کی کارکردگی پر بھی اظہر نے دھونی کا دفاع کیا۔حیدرآباد کے اس سابق کرکٹر نے کہا کہ کمزور کارکردگی کا سارا الزام دھونی کو دینا صحیح نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر ٹیم اچھی کارکردگی نہیں کرتی ہے تو کپتان کیا کرے گا،اگر دھونی اچھے اور متاثر کن کپتان نہیں ہوتے تو کیا وہ دو آئی پی ایل خطاب جیت پاتے۔

SHARE