غزہ پر مظالم اور ہماری ذمہ داریاں

شمع فروزاں: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

اگر پہاڑوں کو جگر ہوتا تو بعید نہ تھا کہ وہ بھی شق ہوجاتا ، اگر درختوں کو آنکھیں ہوتیں ، تو عجب نہ تھا کہ وہ بھی آنسوؤں کا دریا بہا دیتے ، اگر زمین کو زبان ہوتی تو کیا عجب کہ اس کے نالۂ و فریاد سے کرۂ ارض میں کہرام برپا ہوجاتا اور اگر درندے ان انسان نما درندوں کو دیکھ لیتے تو شاید وہ بھی شرمسار ہوجاتے اور درندگی میں صہیونیوں اور ان کی موافقت کرنے والوں کی بالادستی کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے ، اس خوں آشامی ، ظلم وبربریت ، قتل و غارت گری کی وجہ سے جو اس وقت ’’غزہ‘‘ میں جاری ہے ، جس کو سالہا سال سے اسرائیل کے ساتھ ساتھ اس کے نام نہاد ، بے حمیت ، کوتاہ ہمت ، ضمیر فروش اور منافق نام نہاد مسلم حکومتوں نے ایک ایسے قید خانہ میں تبدیل کررکھا ہے ، جو بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہے ۔

سلامتی ہو غزہ کے ان مجاہدین پر ، جنھوں نے اپنے لہو سے اسلام کے شجر طوبیٰ کو سینچنے کا عزم کر رکھا ہے ، صد ہزار رحمتیں ہوں ان شہداء راہِ حق پر ، جنھوں نے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ دین حق کی سرخروئی کے لئے نچھاور کردیا ہے ، لاکھوں سلامِ شوق پہنچے ان معصوم نونہالوں پر جنھوں نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی معصوم جانوں کا نذرانہ پیش کردیا ہے اور اسی قدر لعنتیں ان صلیبی اور صہیونی ظالموں پر جو دین و اخلاق اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر اپنی خوں آشامی کی خو پوری کررہے ہیں اور ان خوفِ خدا سے عاری اور ہمت مردانہ سے خالی مسلم حکمرانوں پر جن کے سینوں میں شیطان نے ’’دل‘‘ کی بجائے پتھر کی سِل رکھ دی ہے، جن میں سے بعض علی الاعلان یا خفیہ طورپر اسرائیل کے ہم نوا ہیں اور بدترین قسم کی برادر کشی کے مرتکب ہورہے ہیں — بارِ الٰہا ! اپنے ان مظلوم بندوں پر رحم فرما ، جن سے مغرب و مشرق کی عداوت صرف اس لئے ہے کہ وہ تیرے پاک نام سے نسبت رکھتے ہیں ، اور پروردگارا ! ہلاک و برباد فرما ، ان شقی و بدبخت حکومتوں کو ، جو بے قصور انسانوں کے خون میں ڈوبی ہوئی ہیں ، یا اس میں مددگار ہیں !!

سوال یہ ہے کہ جو مسلمان اپنے ان مظلوم اور نہتے بھائیوں کی اخلاقی مدد کرنے کے سوا کچھ اور نہیں کر سکتے ، انھیں کیا رویہ اختیار کرنا چاہئے؟ — رسول اللہ ﷺ نے ایک اُصول بیان فرمادیا ہے ، کہ جب تم میں سے کوئی شخص کسی برائی کو دیکھے تو اول اسے ہاتھ سے روکنے کی کوشش کرے ، اگر اس پر قادر نہ ہو تو زبان سے اور یہ بھی ممکن نہ ہو تو دل سے ، یعنی دل سے برا سمجھے ، اور دل میں یہ ارادہ رکھے کہ اللہ تعالیٰ جب بھی قدرت دیں گے ، وہ اُسے روکنے کی کوشش کرے گا ، (ابو داؤد، حدیث نمبر: ۴۳۴) — ظلم و جور سے بڑھ کر کوئی منکَر اور بُرائی نہیں ، یہ تو دنیا میں شرک سے بھی بڑھ کر ہے ؛ کیوں کہ دنیوی احکام کی حد تک شرک کو گوارا کیا جاسکتا ہے ؛ لیکن ظلم ایسی بُرائی ہے ، کہ وہ کسی طور پرقابل قبول نہیں ، کفر و شرک بھی ایسا جرم نہیں کہ جو شخص پہلے سے اس عقیدہ پر ہو ، اُسے قتل کرنا جائز ہو ؛ لیکن اگر کوئی شخص کسی کا مال لے لے ، کسی کی عزت و آبر وپر حملہ آور ہو ، یاکسی کو قتل کر دے تو وہ ضرور لائقِ سزا ہے ، پس ظلم سب سے بڑی بُرائی ہے اوراپنی طاقت و صلاحیت بھر اس کی مخالفت واجب ہے !

مخالفت اور ناراضگی کے اظہار کا ایک طریقہ ترک تعلق بھی ہے اور ظالموں کے ساتھ ترک تعلق کی تعلیم خود قرآن مجید نے دی ہے ، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :

يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا الْيَھُوْدَ وَالنَّصٰرٰٓى اَوْلِيَاءَ بَعْضُهُمْ اَوْلِيَاءُ بَعْضٍ وَمَنْ يَّتَوَلَّهُمْ مِّنْكُمْ فَاِنَّهٗ مِنْهُمْ اِنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ ۔ (المائدۃ: ۵۱)

اے ایمان والو ! یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بناؤ ، وہ ایک دوسرے کے دوست ہیں اور تم میں سے جو ان کو دوست رکھے گا ، وہ ان ہی میں سے ہوگا ، بے شک اللہ ظلم شعار لوگوں کو ہدایت نہیں دیتے ۔

اس آیت میں ایک جامع لفظ ’’دوست نہ بنانے‘‘ کا استعمال کیا گیا ہے ، یہ ایک معنی خیز تعبیر ہے ، جس میں قلب و نگاہ کی محبت ، فکر و نظر میں تاثر ، سماجی زندگی کی مماثلت اور مالی معاملات و تعلقات سب شامل ہیں ، یہ کوئی شدت پر مبنی حکم نہیں ہے ؛ بلکہ ظلم کے خلاف ناراضگی کے اظہار کا ایک طریقہ ہے ، اس آیت کے اخیر میں ظالموں کا تذکرہ کر کے اس بات کی طرف اشارہ فرمایا گیا ، کہ جو یہود و نصاریٰ ظلم و جور پر کمر بستہ ہوں ، مسلمانوں کے لئے اپنی طاقت وقدرت کے مطابق ان سے بے تعلقی برتنا واجب ہے ۔

اللہ تعالیٰ نے ایک اور موقع پر اس حکم کو مزید وضاحت کے ساتھ بیان فرمایا ہے ، ارشاد ہے :

اِنَّمَا يَنْهٰىكُمُ اللّٰهُ عَنِ الَّذِيْنَ قٰتَلُوْكُمْ فِي الدِّيْنِ وَاَخْرَجُوْكُمْ مِّنْ دِيَارِكُمْ وَظٰهَرُوْا عَلٰٓي اِخْرَاجِكُمْ اَنْ تَوَلَّوْهُمْ وَمَنْ يَّتَوَلَّهُمْ فَاُولٰىِٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ ۔ (الممتحنہ: ۹)

بے شک اللہ تم لوگوں کو ا ن لوگوں سے تعلق رکھنے سے منع کرتے ہیں ، جنھوں نے تم سے دین کے معاملہ میں جنگ کی ، تم کو تمہارے گھروں سے نکالا اور تمہارے نکالنے میں ایک دوسرے کی مدد کی اور جو ان سے تعلق رکھیں ، وہ بھی ظالم ہیں ۔

 گھروں سے نکالنا ، محض دین کی بناپر آمادۂ قتل وقتال ہونا اور جو لوگ مسلمانوں کے شہروں اور آبادیوں کو ویران کرنے پر تلے ہوئے ہوں ، ان کو مدد پہنچا نا ، یہ وہ اوصاف ہیں جن کے حامل بد طینت یہودیوں اور نصرانیوں سے بے تعلقی برتنے کا حکم دیا گیا ہے ، غور کیجئے کہ کیا آج امریکہ و برطانیہ ان جرائم کے مرتکب نہیں ہیں ؟ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ بوسنیا میں مسلمانوں کے قتل عام میں در پردہ برطانیہ نے ظالم سربوں کی مدد کی ہے ، کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ ان ممالک کی جفا کاریوں اور ستم انگیزیوں کی وجہ سے افغانستان کے مسلمان بڑی ابتلاؤں سے گزرے ہیں؟ کیا یہ اس ظالم اسرائیل کے ناصر و مددگار نہیں ہیں ، جو آئے دن بے قصور فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام کرتے ہیں ؟ اور جنھوں نے لاکھوں فلسطینیوں کو اپنے مادر وطن میں رہنے کے حق سے بھی محروم کر دیا ہے ؟ قرآن نے جن یہود و نصاریٰ سے بے تعلق ہونے اور رشتۂ محبت کاٹ لینے کا حکم دیا ہے ، ان مغربی طاقتوں میں ان میں سے کون سی بات نہیں پائی جاتی ؟ پھر کیا ایسے اعداء دین سے بے تعلقی واجب نہ ہوگی ؟

لَا يَنْهٰكُمُ اللّٰهُ عَنِ الَّذِيْنَ لَمْ يُقَاتِلُوْكُمْ فِي الدِّيْنِ وَلَمْ يُخْرِجُوْكُمْ مِّنْ دِيَارِكُمْ اَنْ تَبَرُّوْهُمْ وَتُقْسِطُوْٓا اِلَيْهِمْ اِنَّ اللّٰهَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِيْنَ ۔ (الممتحنہ: ۸)

اللہ تعالیٰ تمہیں ان غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک اور انصاف سے نہیں روکتا ، جنھوں نے تم سے دین کے بارے میں جنگ نہ کی ہو اور تمہیں تمہارے گھروں سے نہ نکالا ہو ، بے شک اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتے ہیں ۔

 جو غیر مسلم بھائی انصاف کی روش پر قائم ہوں ، وہ ہمارے انسانی بھائی ہیں اورہمارے برادرانہ سلوک اور حسن اخلاق کے مستحق ہیں اوران کے ساتھ زیادتی کسی طور جائز نہیں — بے تعلقی کاحکم ان لوگوں سے ہے ، جنھوںنے اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں جارحانہ اور نامنصفانہ روش اختیار کر رکھی ہو ، یہ سمجھنا کہ کسی خاص شخص کی حوالگی یا کسی خاص مطالبہ کی تکمیل مغربی طاقتوں کو مطمئن کر دے گی اور اسلام کے خلاف بغض و عناد کی جو آگ ان کے سینوں میں سلگی ہوئی ہے ، اسے بجھانے میں کامیاب ہوجائے گی ، محض ایک طفلانہ خیال ہے ، اس عناد کا اصل نشانہ اسلامی فکر و عقیدہ ، اسلامی تہذیب و ثقافت اور مسلمانوں کا قبلۂ اول مسجد ِاقصیٰ ہے ، قرآن نے یہود و نصاریٰ کی نفسیات اور ان کے اندرونی جذبات کی خوب ترجمانی کی ہے اور یہ بات جس قدر رسول اللہ ﷺکے عہد میں مبنی بر واقعہ تھی ، اسی قدر آج بھی ہے کہ :

وَلَنْ تَرْضٰى عَنْكَ الْيَهُوْدُ وَلَا النَّصٰرٰى حَتّٰى تَتَّبِـعَ مِلَّتَھُمْ قُلْ اِنَّ ھُدَى اللّٰهِ ھُوَ الْهُدٰى وَلَىِٕنِ اتَّبَعْتَ اَھْوَاءَھُمْ بَعْدَ الَّذِيْ جَاءَكَ مِنَ الْعِلْمِ مَا لَكَ مِنَ اللّٰهِ مِنْ وَّلِيٍّ وَّلَا نَصِيْرٍ ۔ (البقرہ: ۱۲۰)

یہود و نصاریٰ آپ سے اس وقت تک راضی ہو ہی نہیں سکتے ، جب تک آپ ان کے دین کے پیرو نہ ہو جائیں ، آپ کہہ دیجئے کہ ہدایت تو وہ ہے جو اللہ کی ہے ، اگر آپ علم حاصل ہونے کے بعد بھی ان کی خواہشات کی پیروی کرنے لگیں تو آپ کے لئے اللہ کے مقابلہ کوئی حامی و مددگار نہ ہوگا ۔

قرآن نے اس میں یہود و نصاریٰ کے اندرونی جذبات کو کھول کر رکھ دیا ہے اورخلافتِ عثمانیہ کے سقوط سے اب تک عالم اسلام میں جو جنگیں ہوئی ہیں ، وہ سب اس کے واضح شواہد ہیں ، اس لئے جب تک مسلمان اپنے مذہبی تشخصات اور اپنے ثقافتی امتیازات کو خیر باد نہ کہہ دیں ، مسجد ِاقصیٰ سے اور اپنے مقدسات سے دستبردار نہ ہوجائیں ، اور پوری طرح مغربی فکر اور مغربی ثقافت کے سامنے جبین تسلیم خم نہ کردیں ، ان کی تشفی نہیں ہو سکتی اور انشاء اللہ مسلمان کبھی اس کے لئے تیار نہیں ہوں گے ؛ اس لئے کہ وہ دین کے لئے سب کچھ کھونے کو ’’پانا‘‘ اور اللہ کی راہ میں رگِ گلو کٹانے کو ’’جینا‘‘ تصور کرتے ہیں اور یہ ان کے ایمان وعقیدہ کا حصہ ہے !

 اس پس منظر میں ہم مسلمانانِ ہند قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے یہ ضرور کر سکتے ہیں کہ ملک کی رائے عامہ کو حقیقت پسند بنائیں اورانھیں حقیقی صورتِ حال کا ادراک کرنے میں مدد دیں ، منصف مزاج ہندو بھائیوں (جن کی آج بھی اس ملک میں اکثریت ہے) کو ساتھ لے کر حکومت ہند سے خواہش کریں کہ وہ اپنی ناوابستہ پالیسی پر قائم رہے اور امریکہ و اسرائیل کی آنکھ بند کر کے حمایت نہ کرے ، وہ اس بات کو ملحوظ رکھے کہ ہمارے ملک کا مفاد عربوں کے ساتھ بہتر تعلق میں ہے ، نہ کہ اسرائیل جیسے خود غرض اور قلاش ملک کی تائید میں ۔

 اس کے ساتھ ساتھ ہم امریکہ اور اسرائیل کی تجارتی اشیاء کا بائیکاٹ کریں ، جس کی فہرستیں بھی اخبارات اور سوشل میڈیا میں آچکی ہیں ، کہ یہ بھی منکر پر ناراضگی کے اظہار اور ظالم سے بے تعلقی برتنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے اور شرعاً بہ حیثیت مسلمان ہم اس بات کے مکلف ہیں کہ اس سلسلہ میں جو طریقہ اختیار کرنا ہمارے لئے ممکن ہو ، ہم اس سے دریغ نہ کریں ، بعض حضرات کہتے ہیں کہ صرف مسلمانوں کے بائیکاٹ کرنے سے ان کا کیا نقصان ہوگا ؟ یہ درست نہیں ہے ، اول تو اگر مسلم ممالک بھی اس بائیکاٹ میں شامل ہوجائیں تو اس کے غیر معمولی اثرات مرتب ہوں گے ، دوسرے : مسئلہ ان کو نقصان پہنچنے اور پہنچنے کا نہیں ہے ؛ بلکہ اپنی طرف سے اظہار ِناراضگی کا ہے ، کتنے ہی واقعات پیش آتے ہیں کہ خاندان میں اختلاف پیدا ہوا اور اس کی وجہ سے ایک دوسرے کی دعوت میں شرکت سے گریز کرنے لگے ، یہاں تک کہ بعض اوقات بات چیت بھی بند ہوجاتی ہے ؛ حالاں کہ معلوم ہے کہ اس کے دعوت میں شریک نہ ہونے اور بات نہ کرنے سے دوسرے شخص کا کچھ بگڑنے والا نہیں ہے ؛ لیکن مقصود اپنے جذبات کا اظہار ہوتا ہے ، یہی جذبہ یہاں بھی ہونا چاہئے ، غرض کہ یہ انسانی فریضہ ہے ، یہ شرعی ذمہ داری ہے اور حمیتِ ایمانی اور غیرتِ اسلامی للکار کر ہم سے پوچھ رہی ہے کہ کیا ہم اس کے لئے بھی تیار نہیں ہیں ؟؟

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com