نئی دہلی: (ملت ٹائمز) جارڈن کی مشہور تحقیقی تنظیم روئیل اسلامک اسٹریٹیجک اسٹڈیز نے ہر سال کی طرح اِس سال بھی 2024 کے لئے اپنی مشہور میگزین The 500 Most Influential Mulims شائع کیا ہے جس میں دنیا بھر کے مسلمانوں میں سے پانچ سو سب سے بااثر مسلمانوں کا نام منتخب کر کے ان کی فہرست جاری کی ہے۔اِس میگزین کا سب سے پہلا شمارہ 2009 میں شائع ہوا تھا اور تقریباً ہر سال شائع ہوتا آرہا ہے جو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔اس سال شا ئع ہونے والی میگزین اِس ادارہ کا پندرھواں شمارہ ہے۔ یہ ادارہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں سے نمایاں شخصیات کے حالات زندگی، مختلف میدان عمل میں ان کی خدمات و کارکردگی اور ان کی کامیابی کو بنیاد بناکر اُن کی فہرست تیار کرتا ہے اورپھر ان کے کارناموں کے پیش نظر ان میں رینکنگ کرتا ہے۔ آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی بھی اُن شخصیات میںشامل ہیں جن کو اِس میگزین کے ذریعہ تیارکردہ “دنیا کے پانچ سو سب سے با اثر مسلمان” کی فہرست میں 2009 سے لیکر اب تک ہر سال شامل کیا گیا ہے۔ مولانا بدرالدین اجمل کومختلف پلیٹ فارم سے ان کی سماجی خدمات، تعلیمی اداروں کے قیام کے ذریعہ تعلیم کی روشنی پھیلانے ، مصیبت زدہ لوگوں کے لئے رفاہی خدمات انجام دینے، ضرورت مندوں کے لئے گھر اور روزگار کا انتظام کرنے، اور سیاسی میدان میں کامیابی سے بے آوازوں کی آواز بلند کرنے نیز تجارت میں نمایاں شناخت بنانے کی بنیاد پر”دنیا کے پانچ سو سب سے با اثر مسلمان” کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ لگاتار پندرھویں مرتبہ اس فہرست میں شامل کئے جانے پر مختلف میدانوں سے تعلق رکھنے والے حضرات نے کہا کہ مولانا بدرالدین اجمل صاحب کی خدمات سے نہ صرف ملک بلکہ دنیا واقف ہے اس لئے ان کا نام اس فہرست میں مزید نمایاں طور پر آنا چاہئے کیونکہ ان کی خدمات کا میدان بہت وسیع ہے جس میں وہ کامیابی کے ساتھ پا بہ رکاب ہیں اور دن بدن اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے جا رہے ہیں، اِس لئے ہم لوگ انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیںاور ان کے لئے دعاءکرتے ہیں کہ اللہ ان کو صحت و عافیت کے ساتھ رکھے اور ان کا سایہ امت پر دراز کرے تاکہ وہ ملک و ملت کی مزید خدمات انجام دیتے رہیں۔ مبارکباد دینے والوں میں مولانا عبدالقادر صاحب (جنرل سیکریٹری آل آسام مدارس قومیہ)، مولانا حافظ بشیر صاحب (جنرل سیکریٹری جمعیة علماءآسام)، مولانا مزمل قاسمی(مہتمم جامعة الشیخ دیوبند)، مولانا پرویز صاحب، ڈاکٹر رضی احمد صاحب، مولانامنظر بلال قاسمی، شمس تبریز قاسمی ایڈیٹر ملت ٹائمز، قاری مشکور احمد وغیرہ شامل ہیں۔






