نیویارک: جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کے خلاف دنیا بھر میں لوگوں کا زبردست احتجاج جاری ہے، اس سلسلے میں امریکہ میں مجسمہ آزادی پر بھی بڑا احتجاج کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست نیویارک میں ہزاروں افراد اسٹیچو آف لبرٹی پر جمع ہوئے اور فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مخالفت کی۔
پیر کے روز اس پرامن احتجاج میں سینکڑوں امریکی یہودی کارکنوں نے شرکت کی اور اسرائیل سے جنگ بندی اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا۔ شرکا نے کالے رنگ کی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں، جن پر یہودی اب جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں کا نعرہ درج تھا۔ شرکا نے بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ’ہمارے نام پر نہیں‘ ’پوری دنیا دیکھ رہی ہے‘ ’فلسطینیوں کو آزاد ہونا چاہیے۔
اسرائیل کے خلاف 1دنیا کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، آئرلینڈ میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پوری دیوار پر اسرائیلی بربریت کی کہانی پینٹ کی گئی۔
برطانیہ کے شہر کینٹ میں اسرائیل کو ہتھیار مہیا کرنے والی فیکٹری کے سامنے درجنوں افراد نے دھرنا دیا، کچھ مظاہرین فیکٹری کے اوپر چڑھ گئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی تو ایک نے عمارت پر فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا۔
جرمنی میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی اور آزاد فلسطین کے لیے خوب نعرے لگائے، بھارتی ریاست کولکاتا میں اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے خلاف بہت بڑا مظاہرہ کیا گیا۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے فلسطین کے لیے انصاف، ڈاکٹرز نشانہ نہ ہوں، فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو کے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔
(یو این آئی)