غزہ پٹی میں جنگ بندی کا خیر مقدم ، اسرائیل نے عام شہریوں اور بچوں کا قتل کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے : ڈاکٹر منظور عالم

نئی دہلی: (پریس ریلیز) غزہ پٹی میں جنگ بندی کیلئے قطر اور دوسرے ممالک کی کوششیں قابل ستائش ہے اور اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے ، اسرائیل نے گذشتہ 47 دنوں میں جس طرح کی دہشت گردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا ہے وہ شدید جنگی جرائم کا ارتکاب اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی بنیاد پر اسرائیل کا مواخذہ ہونا بھی ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ فلسطین تنازع کا حل ہونا ضروری ہے ، برطانیہ اور امریکہ نے مشرق وسطی میں اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل قائم کردیا اور فلسطینیوں کو ان کے وطن سے محروم کردیاگیا جس کے بعد اسرائیل نے امریکہ اور عالمی طاقتوں کی مدد سے لگاتار فلسطین کے باقی ماندہ علاقوں پر قبضہ جاری رکھا اور وہاں رہنے والے عربوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا ، یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور عالمی طاقتیں فلسطین کا ساتھ دینے کے بجائے اسرائیل کا ساتھ دیتی ہیں جو شرمناک اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے بھی خلاف ہے ۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ مشرق وسطی اور پوری دنیا میں امن وسلامتی کیلئے ضروری ہے کہ عالمی طاقتیں انصاف سے کام لیں اور قبضہ کی سیاست کو ختم کرکے فلسطین پر ان کے حق کو تسلیم کریں جن کا وہ برسوں سے وطن ہے ۔ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع اور کشمکش کی بنیادی وجہ اسرائیل کا ناجائزقبضہ اور فلسطینیوں کے ساتھ ظلم وزیادتی ہے ۔ غزہ پٹی پر اسرائیل نے جس طرح گذشتہ 47 سے دنوں سے بمباری کی ہے ، زمینی فوج بھیج کر پورے شہر کا محاصرہ کررکھاہے ، ہسپتالوں ، مسجدوں ، اسکولوں ، کالجز، رہائشی عمارتوں اور دوسری بلڈنگوں پر حملہ کیا ہے ، عام شہریوں ، بچوں اور خواتین کا قتل عام کیاہے وہ شدید جنگی جرائم ہے اور تاریخ میں کبھی اس کی مثال نہیں ملتی ہے ۔ جنگوں کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں ، کسی بھی جنگ میں خواتین ، بچوں ، عام شہریوں ، مریضوں کے قتل کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی ہے ، نہ ہی ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر حملہ کبھی کیاگیاہے ۔ یہ بدترین دہشت گردی ہے اور اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلنا ضروری ہے ۔

ڈاکٹر منظور عالم نے حالیہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلہ کے معاہدہ کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ اب مستقبل جنگ بندی ہونی چاہیے اور اسرائیل کو اپنی فوج غزہ سے واپس بلاکر غزہ کا انتظام فلسطینیوں کے حوالے کردینا چاہیے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل عمل میں آنی چاہیے ۔

ڈاکٹر منظور عالم نے غزہ پٹی میں بھارتیہ حکومت کی طرف سے بھیجے گئے امداد کا بھی خیر مقدم کیا اور کہاکہ بھارت سرکار نے فلسطین پر اپنی پرانی خارجہ پالیسی کو برقرار رکھاہے جو ملک کے حق میں بہتر فیصلہ ہے اور یہی خارجہ پالیسی عرب اور ہندوستان کے رشتہ کو مزید بہتر بنائے گی ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com