نئی: آل انڈیا ملّی کونسل کا دو روزہ پروگرام بالترتیب 15،16/ جنوری کو میمن جماعت ہال، عبدالرحمن اسٹریٹ، ممبئی اور اسلام جمخانہ، میرین ڈرائیو، ممبئی۔20 میں بے حد کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا اور ملی کونسل کے مرکزی عہدیداران کے ساتھ آل انڈیا ملّی کونسل مہاراشٹر اور ممبئی شاخ کے اشتراک سے بطریق احسن کل دیر شام اختتام پذیر ہوا۔ واضح رہے کہ ملک کی مجموعی سیاسی وسماجی صورت حال کے تناظر اور مستقبل قریب میں ہونے والے عام انتخابات پر مؤرخہ 15/ جنوری کو ملی کونسل کے شعبہ سیاسی امور کا مشاورتی اجلاس تھا جس میں کھل کر ضروری بحث ومناقشہ کرتے ہوئے آگے کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ مذکورہ میٹنگ میں اس بابت بے حد باریک بینی کے ساتھ توجہ دی گئی کہ ہم کس انداز سے ووٹوں کی فرقہ وارانہ بنیاد پر ممکنہ صف بندی کا مقابلہ کرنے کے لیے موجودہ سیاسی صورت حال میں کس طرح کے کارآمد اقدامات کیے جائیں؟ اس پر غور کیا گیا۔ اس جلسہ میں ملی کونسل کے مرکزی ذمہ داران، نائبین صدر، معاونین جنرل سکریٹری، متعدد ارکان مرکزی مجلس عاملہ ومہاراشٹر نیز ممبئی شاخوں کے مؤقر ارکان نیز سیاسی وسماجی مسائل پر نظر رکھنے والے مؤقر اصحاب مدعو کیے گئے تھے۔
مؤرخہ 16/ جنوری کو متصلاً بعد مغرب اسلام جمخانہ میرین ڈرائیو، سبھاش چندر بوس روڈ میں واقع ہال میں ملی کونسل کے زیر انتظام “دستور بچاؤ، ملک بناؤ” کے موضوع پر مرکزی سطح پر اجلاس منعقد ہوا اور مختلف جہتوں سے دستور ہند پر پڑنے والی مستقل زک اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے سبھی مقررین نے ببانگ دہل ان چیلنجز کو قبول کرنے کے لیے اپنی اجتماعی جدوجہد کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ ملی کونسل کے لیے یہ موضوع ہمیشہ سے ہی غیرمعمولی اہمیت کا حامل رہا ہے اور اس ضمن میں ملک گیر سطح پر اجتماعی پروگراموں اور سنجیدہ لائحہ عمل طے کیے جاتے رہے ہیں۔ 16/ جنوری کا مذکورہ عنوان پر ہونے والا یہ کھلا پروگرام اجتماعی جدوجہد کے ساتھ آگے بھی پوری فعالیت کے ساتھ جاری رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام جمخانہ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں کونسل کے نائبین صدر، مولانا انیس الرحمن قاسمی پٹنہ، مولانا (ڈاکٹر) یاسین علی عثمانی بدایونی اور مولانا عبدالعلیم قاسمی بھٹکلی، ملی کونسل کے معاونین جنرل سکریٹری نظام الدین شیخ شولاپور اور سلیمان خان بنگلور کی شرکت کے ساتھ رکن مرکزی مجلس عاملہ وتاسیسی ایڈوکیٹ یوسف حاتم مچھالہ ممبئی، ڈاکٹر پرویز میاں دہلی، شیوسینا کے ایم پی اروند ساونت، ونچت بہوجن اگھاڑی کی ریاستی صدر محترمہ ریکھا تائی ٹھاکر، سینئر کانگریس لیڈر نسیم خان، سماج وادی پارٹی ایم ایل اے ابوعاصم اعظمی، کانگریس کے مہاراشٹر یونٹ کے صدر نانا بھاؤ پٹولے، وقف بورڈ کے چیئرمین وایم ایل سی وجاہت مرزا، راجیہ سبھا کے سابق رکن حسین دلوائی، اسلام جمخانہ کے موجودہ صدر وسابق ایم ایل اے مہاراشٹر، یوسف ابراہمی نیز عوام الناس کے ساتھ ہمدردی وانسان دوستی نبھانے والے ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر کے علاوہ ڈاکٹر سید اطہر علی صدر ملی کونسل مہاراشٹر اور مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی، نائب صدر آل انڈیا ملّی کونسل مہاراشٹر اور ودیگر مؤقر حضرات شریک پروگرام ہوئے اور سبھوں کی تجاویز وآراء کے ساتھ مذکورہ پروگرام اختتام کو پہنچا۔
اس پروگرام کی صدارت مولانا عبدالعلیم قاسمی بھٹکلی نے کی جبکہ مولانا شاہد ناصری نے مہمانان کے تئیں مؤثر خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، کلیدی خطاب مولانا یاسین علی عثمانی نے پیش کیا۔مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب نایب صدر ملی کونسل نے جامع خطاب کیا،سلیمان خان (معاون جنرل سکریٹری) نے ملی کونسل کا تعارف اور “دستور بچاؤ، ملک بناؤ” پروگرام کی افادیت کے حوالے سے گفتگو کی، جبکہ “دستور بچاؤ، ملک بناؤ” کے مذکورہ جلسہ کی مکمل نظامت اور شکریے کی ذمہ داری شیخ نظام الدین (معاون جنرل سکریٹری) نے بطریق احسن انجام دی۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ملی کونسل ممبئی یونٹ کے صدر راشد عظیم صاحب اور انکی ٹیم کا اہم رول رہا۔
اس پروگرام کے دیگر اہم شرکاء میں محمد عالم نئی دہلی، ڈاکٹر اصغر چلبل گلبرگہ، محمد یوسف پٹیل بنگلور، مصدق اکبری بنگلور، سید مجاہد علی نقوی جے پور، مولانا الیاس شمسی حیدرآباد، منیر احمد خان اندور، انعام الحق چنئی، احمر الاسلام گلبرگہ، شاہ عالم بدایوں، عارف فیاضی، مفتی انعام اللہ خان، مولانا شمیم ریحان ندوی، ایڈوکیٹ فرحانہ شاہ صاحبہ اور محترمہ شاہین پٹیل صاحبہ وغیرہ شامل ہیں۔






