رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کو جان سے مارنے کی ملی دھمکی، دہلی پولیس میں شکایت درج

نئی دہلی: رکن کنور دانش علی کو جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے خلاف انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ اس کی طلاع انہوں نے اپنے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے اپنے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”کتنا ڈراؤ گے، کل میرے آفس میں فون کرتے ہوئے کسی نے مجھے ڈرانے کی کوشش کی اور مجھے جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔ یہ کیسی گھبراہٹ ہے؟ ہندوستان کی جمہوریت میں یقین رکھنے والا تو یہ حرکت نہیں کر سکتا۔ ایسے غیر سماجی عناصر بس یہ چاہتے ہیں کہ میں سچ کو سچ نہ کہوں!

اس دھمکی اور کنور دانش علی کی شکایت سے متعلق پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ”تلک نگر پولیس اسٹیشن میں ممبر آف پارلیمنٹ نے شکایت درج کرائی ہے۔ اس شکایت میں انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی دہلی میں واقع ان کے دفتر میں کال کر کے انہیں دھمکی دی گئی ہے۔ کسی نامعلوم شخص نے منگل (6 فروری) کی شام 8 سے 8.30 کے درمیان ان کے آفس میں فون کر کے یہ دھمکی دی ہے۔”

دانش علی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ فون کرنے والے نے پوچھا کیا یہ دانش علی کا دفتر ہے؟ دانش علی کے پرسنل سکریٹری نے ‘ہاں’ کہا تو اس نے دھمکی آمیز گالیاں دینا شروع کر دیں۔ سکریٹری نے نمبر چیک کیا تو اسی نمبرسے ایک کال کنور دانش علی کے ذاتی موبائل پر بھی کی گئی تھی لیکن میٹنگ میں مصروف رہنے کی وجہ سے انہوں نے وہ کال ریسیو نہیں کیا تھی۔ واضح رہے کہ دانش علی کو حال ہی میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں معطل کر دیا تھا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com