نوجوان صحافیوں سے مولانا سجاد نعمانی کی خصوصی ملاقات ، میڈیا ہاؤس کے قیام پر تبادلۂ خیال

نئی دہلی: (نمائندہ) معروف عالم دین حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب ملت ٹائمز کی خصوصی دعوت پر آج نئے دفتر میں تشریف لائے اور بے پناہ مسرت وشادمانی کا اظہار کیا ، اس موقع پر انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے سرگرم صحافیوں اور ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی اور ایک موثرمیڈیا ہاؤس کے قیام پر گفتگو ہوئی ۔ مولانا سجاد نعمانی نے ملت ٹائمز کی ہمہ جہت کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملت ٹائمز نے گذشتہ چند سالوں میں غیرمعمولی کارنامہ انجام دیا ہے اور مسلمانوں کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے رہا ہے تاہم اس طرح دس پلیٹ فارم کی اس وقت قوم کو مزید ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ میڈیا کا کردار سب سے بڑا ہے ، موجودہ وقت میں مسلمانوں کو بحران سے نکالنے کا سب سے بڑا ذریعہ میڈیا ہی ہوسکتاہے، انہوں نے کہاکہ اس وقت میڈیا کی اہمیت پر گفتگو کرنے کا نہیں ہے بلکہ کیسے ہم لوگ ایک مضبوط میڈیا ہاؤس کے قیام کی جانب قدم بڑھائیں اس پر غو ر کریں ۔ اس مجلس میں ہر طرح کی صلاحیت سے سرشار نوجوان موجود ہیں جنہوں نے اپنی شناخت اور پہچان بنائی ہے اور آپ سب بغیر کسی سپورٹ کے الحمدللہ قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ اگر آپ لوگ اپنے چینلوں اور ویب پورٹل کے ساتھ ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے ساتھ جڑ جائیں گے تو بہت بڑی کمی پوری ہوجائے گی اور ایک نیا انقلاب برپا ہوگا ۔ میٹنگ میں موجود مختلف میڈیا تنظیموں کے ذمہ داروں نے مولانا کی باتوں سے اتفاق کیا اور ان کی سرپرستی میں ایک مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کا منصوبہ بھی پیش کیا ۔

اس موقع پر ملت ٹائمز کے بانی شمس تبریز قاسمی نے مولانا کی خدمت میں توصیفی سند پیش کرکے ان کا استقبال کیا اور کہاکہ مولانا عصر حاضر میں مظلوموں ، اقلیتوں اور مسلمانوں کی مضبوط آواز ہیں ، ہرمشکل وقت اور بحران کے عالم میں مولانا امت مسلمہ کی رہنمائی کرتے ہیں ، پوری بیباکی کے ساتھ قوم کی ترجمانی کا فریضہ انجام دیتے ہیں ۔ چناں چہ ملت ٹائمز کی نئی آفس اور اسٹوڈیو کے افتتاح کیلئے ہم نے خصوصی طور پر حضرت مولانا کو دعوت دی جس کو انہوں نے بخوشی قبول کیا اور مسلسل مصروفیات کے باوجود وقت نکال کر یہاں تشریف لائے جس کیلئے ہم ان کے بیحد شکر گزار ہیں ۔ شمس تبریز قاسمی نے یہ بھی کہاکہ مولانا میڈیا کے تئیں ہمیشہ سنجیدہ اور فکر مند رہے ہیں ، اس سے قبل بھی مولانا نے کئی مرتبہ کوششیں کی ہے اور انشاءاللہ جلد ہی ہم سبھی کو اس مقصد میں کامیابی ملے گی ۔

 خصوصی میٹنگ میں سینئر صحافی اے یو آصف ، مشہور صحافی فرحان یحی ایڈیٹر ہندوستان لائیو، شکیل احمد ایڈیٹر ایم ایکس ٹی وی ، علی جاوید ایڈیٹر ناؤس نیٹ ورک ، اشرف علی بستوی ایڈیٹر ایشیا ٹائمز ، فیض الباری ایڈیٹر حق میڈیا ، میر فیصل صحافی الجزیرہ ، سیف الرحمن ایڈیٹر انصاف ٹائمز ، آدتیہ مینن پولٹیکل ایڈیٹر دی کوئنٹ ، محمد شہنواز ایڈیٹر دوبول، روبا انصاری نیوز ایڈیٹر ملت ٹائمز ، ظفر صدیقی نمائندہ ملت ٹائمز ، محمد تمنے ، مجیب الرحمن ، محمد افسر ،شایان عسکر ، احمد علی صدیقی ، ابو الخیر قاسمی وغیر ہ نے شرکت کی اور مولانا کی سرپرستی میں ایک مضبوط متبادل میڈیا ہاؤس کے قیام پر سبھی نے اتفاق کیا ۔ مولانا نعمانی کی دعاء پر تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com