کانگریس کے سینئر لیڈر اور تین ریاستوں کے گورنر رہ چکے عزیز قریشی کا 83 سال کی عمر میں انتقال

کانگریس کے سینئر لیڈر رہے عزیز قریشی کا جمعہ کے روز مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں انتقال ہو گیا۔ موصولہ خبروں کے مطابق ان کی نماز جنازہ عشا کی نماز کے بعد رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے صوفیا مسجد میں ادا کی جائے گی۔ بڑا باغ قبرستان پالیوال اسپتال کے پیچھے بھوپال ٹاکیز، بھوپال میں ان کی تدفین کیے جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔

83 سالہ عزیز قریشی طویل مدت سے علیل تھے اور ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ اور میزورم کے گورنر رہ چکے عزیز قریشی کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور تعزیت کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے عزیز قریشی کے انتقال پر اظہارِ غم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا ہے کہ ”کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی صاحب جی کے انتقال سے میں غمزدہ ہوں۔ اپنی طویل سیاسی زندگی میں انھوں نے کئی اہم عہدوں پر عوام و ملک کی خدمت کر اپنی ذمہ داری نبھائی۔ وہ مدھیہ پردیش میں مختلف عہدوں پر رہے اور رکن پارلیمنٹ و تین ریاستوں اتراکھنڈ، میزورم و اتر پردیش کے گورنر بھی رہے۔ وہ انڈین یوتھ کانگریس کے بانی رکن بھی تھے۔ ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں و حامیوں کے تئیں میری گہری ہمدردی۔”

سابق وزیر پی سی شرما نے بھی سوشل میڈیا پر کیے گئے ایک پوسٹ میں عزیز قریشی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق گورنر عزیز قریشی کے انتقال کی تکلیف دہ خبر موصول ہوئی ہے۔ میں ان کے انتقال پر اظہارِ غم کرتا ہوں۔ ایشور ان کی روح کو سکون دے اور غمزدہ کنبہ کو یہ درد برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔

قابل ذکر ہے کہ عزیز قریشی کی پیدائش 24 اپریل 1941 کو بھوپال میں ہوئی تھی۔ وہ 1984 میں مدھیہ پردیش کے ستنا سے لوک سبھا انتخاب جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ وہ مدھیہ پردیش کانگریس الیکشن کمیٹی کے سکریٹری، انڈین یوتھ کانگریس کے بانی اراکین کے ساتھ ہی 1973 میں مدھیہ پردیش حکومت کے مختلف محکموں میں وزیر بھی رہے۔ عزیز قریشی کو 24 جنوری 2020 کو مدھیہ پردیش کی اس وقت کی کمل ناتھ حکومت نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com