نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف ماہر قانون اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملیشیا کے سابق پروفیسر ڈاکٹر سید خالد رشیدکو اسلامی قانون، انٹرنیشنل لائ، اوقاف، تاریخ اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات کی بنیاد پر انسٹیٹوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے گیارہویں لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا، ایوارڈ میں مومینٹو، توصیفی سرٹیفکیٹ اور ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیاجسے ان کے بیٹے ڈاکٹر سید حامد رشید نے جامعہ ہمدرد دہلی کے کنوینشن سینٹر میں ایک تقریب کے دوران وصول کیا ۔
اس موقع پر سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمن خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی او ایس کی ایوارڈ جیوری نے گیارہویں آئی او ایس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے جس شخصیت کا انتخاب کیا ہے وہ بہت مناسب اور پرفیکٹ ہے، ڈاکٹر خالد رشید کی قانون اور اوقاف کے میدان میں قابل ذکر اور طویل خدمات ہیں، اقلیتی امور کے وزرات کی ذمہ داری سنبھالنے کے دوران اوقاف کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں پروفیسر خالد صاحب کی کتاب اور ریسرچ سے ہمیں بہت مدد ملی تھی۔ انہوں نے کہاکہ آئی او ایس کے اہم کارناموں اور پروگرام میں یہ بہت اہم اور وقت کی ضرورت ہے کہ ملت کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور انہیں سراہا جاتاہے۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر رجسٹرار جامعہ ہمدرد نے اپنے خطاب میں آئی او ایس کو ملک و ملت کا اہم ادارہ قرار دیتے کہا کہ ایوارڈ کا یہ سلسلہ اچھی پہل ہے اور اس مرتبہ جن کا انتخاب کیا گیا ہے وہ اپنی خدمات کی وجہ سے مکمل طور پر اس کے حقدار تھے۔
آئی او ایس کی چیرمین ڈاکٹر منظور عالم اپنی بیماری کے سبب شریک نہیں رہے تاہم ان کا خطاب شیخ نظامِ الدین نے پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے فخر کا موقع ہے کہ انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹیواسٹڈیز کے اس ایوارڈ سے اس مرتبہ پروفیسر خالد رشید کو سرفراز کیا جارہاہے ، ڈاکٹر خالد رشید کی خدمات چھ دہائیوں پر محیط ہے، انڈیا ،نائجیریا اور ملیشیا میں رہتے ہوئے انہوں نے ملت کیلئے غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے، اوقاف پر ان کا ریسرچ سب سے اہم ہے، آئی او ایس نے اوقاف کے موضوع پر ان کی کئی کتابوں کو شائع بھی کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد نعیم مختار وزیر برائے مذہبی امور ملیشیا نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد رشید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ یقینی طور پر اس کے حقدار ہیں، انہوں نے اوقاف اور دیگر شعبوں میں ملیشیا میں بھی غیر معمولی کارنامہ انجام دیا ہے جس سے ہماری حکومت نے بہت استفادہ کیا ہے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
قبل ازیں آئی او ایس کے جنرل سیکریٹری پروفیسر زیڈ ایم خان نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہاکہ آئی او ایس کے متعدد شعبوں میں ایوارڈ کا بھی سلسلہ ہے، تعلیمی اور ملی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو آئی او ایس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا جاتا ہے ، گذشتہ دنوں میں سابق چیف جسٹس اے ایم احمدی، امارت شرعیہ ، مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی ، پروفیسر اختر الواسع ، کے رحمن خان سمیت متعدد شخصیات سے سرفراز ہوچکی ہے ، گیارہویں ایوارڈ کیلئے ڈاکٹر خالد رشید ی کا انتخاب کیا گیا۔
یہ ایوارڈ مرحوم ڈاکٹر خالد رشید کے بیٹے ڈاکٹرسید حامد رشید اور ان کی بیٹی آمنہ رشید نے وصول کیا اس موقع پر انہوں نے آئی او ایس اور ڈاکٹر منظور عالم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میرے والد کی دو محبت تھی ایک اوقاف اور دوسرا میری والدہ ان کو سب سے زیادہ دلچسپی اوقاف کے امور میں تھی۔ پروفیسر افضل وانی صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم خالدرشید ایک شخص نہیں بلکہ انجمن تھے ، ان کے ساتھ مجھے کام کرنے کا موقع ہے ملاہے ان میں بہت گہرائی اور ملت کیلئے فکرمندی تھی۔ایوارڈ تقریب میں ہندوستان میں وقف قانون اور انتظامیہ پر ایک کتاب کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا ۔
قبل ازیں قرآن کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروفیسر حسینہ حاشیہ نے تمام مہمانوں اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔