الہندانگلش میڈیم اسکول میں دوسرا سالانہ اجلاس عام دینی ماحول میں عصری تعلیم حاصل کرنا وقت کی ناگزیر ضرورت ہے: مفتی توحید عالم قاسمی

ٹانڈہ: عثمان اکیڈمی کے تحت چلنے والا ادارہ الہند انگلش میڈیم اسکول کا دوسرا سالانہ اجلاس عام وتقسیم انعامات 28 فروری بروز بدھ انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منعقد ہواجس میں طلبہ و طالبات نے سال بھر کی کارکردگی کو اپنے مظاہر کی شکل میں حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات نے بہترین علمی مظاہرہ کیا جس میں قراءت قرآن مجید، انگریزی اردو ترجمہ کے ساتھ احادیث، دعائیں، دلچسب مکالمے، گروپ پرزینٹیشن، اور مختلف موضوعات پرانگلش و اردو تقاریر پیش کیں۔ اسکے علاوہ بھی چھوٹے بچوں نے مختلف زبانوں میں رنگارنگی پروگرامس پیش کرکے خوب داد تحسین حاصل کی۔ واضح رہے کہ الہند انگلش میڈیم اسکول کا قیام دوسال قبل عمل میں آیا ہے جو بہت مختصر عرصہ میں شہرکا مقبول و معتمد ادارہ بن چکا ہے۔

پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر حضرت مولانا شمس تبریز قاسمی، چیف ایڈیٹر ملت ٹائمز، ڈاکٹر حفظ الرحمن قاسمی، ڈائریکٹر ایگل اکیڈمی، حضرت مفتی توحید عالم قاسمی، استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد نے شرکت کی۔

حضرت مولانا حفظ الرحمن قاسمی نے اپنے خطاب میں اسکول کی سرگرمیوں کی خوب سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا پروگرام دیکھ کربےحد خوشی محسوس ہورہی ہے۔ تعلیم و تربیت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئےکہا کہ ماں باپ ا پنے بچوں کو اپنا کردار دیں جس کے لئے خود اچھے کردار میں ڈھلنا ہوگااور تعلیم پر وقت اور پیسہ دونوں خرچ کریں یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

مولانا شمس تبریز قاسمی نے حالات حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملت کو جن حالات کا سامنا ہے اسمیں ہم سب کو بہت محنت کی ضرورت ہے اور ہر میدان میں ہمیں ماہرین کی ضرورت ہے، ہمیں بہترین ڈاکٹر، وکلاء، انجینئر، سائنسداں، اور صحافیوں کی ضرورت ہے جوصحیح مسلمان بن کر ملت کی خدمت کرسکیں۔

مفتی توحید عالم صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس وقت ہمارے بچوں کا ایمان خطرے میں ہے، بچے غیروں کے اسکول میں جاکر ایمان جیسی دولت سے محروم ہورہے ہیں، اسلئے ہمیں اپنے بچوں کو ایسے اسکول یا اداروں میں داخل کرنا ہوگا جہاں کم از کم انکا ایمان محفوظ رہے، ہم دن و رات یہ تجربہ کر رہے ہیں کہ ہماری آئندہ نسل تیزی کے ساتھ اسلامی اقدار سے محروم ہورہی ہے، ہمیں اسکی فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں مفتی صاحب نے الہند انگلش میڈیم اسکول کے اقدام کی سراہنے کرتے ہوئے کہا کہ علماء کے ذریعہ اس طرح کے اسکول کا قیام دراصل ہمارے بچوں کے ایمان کی ضمانت ہے۔

پروگرام کے صدر مولانا محمدعرفان صاحب قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں اسکول کی کارکردگی پر انتہائی خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔

آخر میں اسکول کے ڈائریکٹر مفتی فہیم عثمانی نے تمام مہانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہمارا مقصد ملک و ملت کو اس تقابلی دور میں کامیابی کی اونچائیوں پر دیکھنا ہے جبکہ مولانا جلیس احمد صاحب کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ عمائدین شہر ٹانڈہ میں سے سیاسی و سماجی کارکنان کے علاوہ بطور خاص مفتی راشد، مولانا جلیس ، مولانا نسیم ، مولانا شاہد، مولانا ظہیر الاسلام حاجی عبد العلیم، حاجی جمیل ممبر اسکے علاوہ کافی تعداد میں علماء، سیاسی حضرات ، ممبران نگرپالیکا ٹانڈہ اور عمائدین شہر موجود رہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com