ہلدوانی میں بے قصور گرفتار شدگان کی قانونی امداد کی تیاری: جمعیۃ علماء ہند

پولس افسران کے سامنے بے جا گرفتاریوں پر اعتراض اور معاوضہ کا مطالبہ، متاثرین کی مدد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل

   نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں فساد متاثرہ علاقہ کا جائزہ لینے کے لئے ہلدوانی پہنچا۔ وفد نے محلہ اندرانگر،ملک کا باغیچہ اور لائن نمبر 17میں گھر گھر جاکر لوگوں کی خبر گیری کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ واضح ہو کہ ہلدوانی کے بن بھول پورہ میں پہلے بلڈوزر پھر تشدد اور بے گرفتاریوں سے مقامی لوگ کافی متاثر ہیں، اب تک سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا چکا ہے ، جن میں خواتین بھی شامل ہیں ، متاثرہ علاقہ میں زیادہ تر لوگ غریب اور مزدور پیشہ ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی ان حالات سے کافی فکر مند ہیں ، چنانچہ ان کی ہدایت پر مقررکردہ وفد زمینی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ہلدوانی میں دو روز سے خیمہ زن ہے ۔

آج جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ا یڈیشنل ایس پی پرکاش چندر ،ایس ڈی ایم پریتیوش ورما اور تھانہ بن بھول پورہ آزاد نگر کے ایس ایچ او نیگر بھاگونی سے ملاقات کی اور بے جا گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ رمضان المبارک کی آمد ہے ، اس لیے لوگوں کو تفتتیش کے نام پر ہراساں نہ کیا جائے ، وفد نے فساد میں جلے اور لٹے ہوئے دکانوں، مکانوں اور گاڑیوں کے نقصان پر معاوضہ کا مطالبہ کیا ، نیز جن لوگوں کے مکانات بلڈوزر ایکشن میں توڑے گئے ہیں، ان کی بازآبادکاری کی جائے ۔

مزید برآں جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے جمعیۃ علماء اتراکھنڈ کے سکریٹری عبدالقادر فارمر کی ہمراہی میں مقامی جمعیۃ کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور متاثرہ لوگوں کی قانونی امداد و دیگر ضرورتوں کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ قانونی امداد پر اقدام کرنے کے لیے ہلدوانی کے معروف وکیلوں سے تبادلہ خیال کیا گیا بالخصوص بے قصور اور غریب افراد کی ضمانت پر توجہ مرکوز کرنے پر زوردیا گیا ۔ وکیلوں نے صدر جمعیۃ علماء ہند کے نام اپنی تحریر میں جمعیۃ کے زیر نگرانی بے قصوروں کی قانونی مدد پر اتفاق کیا ہے ۔

 آج جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ مولانا شعیب ناظم دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند،مولانا عالم گماٹ میوات، مولانا عبدالہادی او رمقامی جمعیۃ علماء سے عبدالقادر فارمرڈ، قاری عبدالمعید صدر شہر جمعیۃ علماء ہلدوانی ، مفتی عبدالباسط امام و خطیب مرکز مسجد بن جاران سمیت کئی اہم ذمہ دار شامل تھے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com