پولس آفیسر کا نمازیوں پر تشدد غیر انسانی اور شرمناک عمل ، عبرتناک کاروائی ناگزیر: ملی کونسل

نئی دہلی: ( پریس ریلیز) راجدھانی دہلی میں جمعہ کی نماز کے دوران ایک پولس آفیسر کے ذریعہ نمازیوں کو لات مارنے اور ان پر تشدد کے واقعہ کی آل انڈیا ملی کونسل نے شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور غیر انسانی جرم قرار دیاہے ۔ ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا کہ دہلی کے اندرلوک میں مسجد کے باہر سڑک کنارے نماز پڑھنے والے لوگوں کو سجدہ میں ایک پولس آفیسر جس نے بے دردی سے لات ماراہے اور ان پر تشدد کیاہے وہ شرمناک اور جمہوریت پر ایک بدنما داغ ہے ۔ پولس کے ذریعہ اس طرح کے جرائم کا صادر ہونا بتاتاہے کہ گذشتہ سالوں میں مسلمانوں کے خلاف جو نفرت پیدا کی گئی ہے اور اسلاموفوبیاکو بڑھاوادیاگیاہے اس سے اس پولس کا محکمہ بھی متاثر ہونے لگاہے اور یہ اسی کا نتیجہ ہے ۔ مسلمانوں کی طرف سے عموماسڑکوں پر نماز ادا کرنے سے احتیاط کیا جاتاہے ، کبھی کہیں اس طرح کا معاملہ سامنا آتاہے لیکن اس کا تعلق بھی صرف پانچ منٹ سے ہوتاہے ۔

ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ یہ واقعہ بھارت کی جمہوریت پر ایک بدنماداغ ہے ، دنیا بھر میں اس سے بدنامی ہوگی ۔ وزرات داخلہ سے ملی کونسل کی مانگ ہے کہ اس پولس آفیسر کو برخاست کرنے کے علاوہ سخت سزا دی جائے اور اسلافومیا پر روک لگائی جائے تاکہ آئندہ کوئی پولس آفیسر اس طرح کا جرم نہ کرے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com