شیئر مارکیٹ نے ‘اڈانی کو دیا زوردار جھٹکا، 6 گھنٹے میں دھواں ہو گئے 1.12 لاکھ کروڑ روپے

بدھ کے روز شیئر مارکیٹ میں زبردست افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ صبح سے ہی مختلف کمپنیوں کے شیئرس کی قدر گرنی شروع ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں کروڑ روپے کا خسارہ ہو گیا۔ بی ایس ای سنسیکس تو دن بھر میں تقریباً 1100 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا اور شام کو بھی ٹریڈنگ ختم ہونے کے وقت 906 پوائنٹس گر کر بند ہوا۔ یہ شیئر بازار میں ایک ہی دن میں آئی چند بڑی گراوٹوں میں سے ایک ہے۔ شیئر مارکیٹ کی اس آندھی میں گوتم اڈانی کے اڈانی گروپ کی فہرست بند کمپنیوں کے شیئر بھی دھواں ہو گئے۔

قابل ذکر ہے کہ اڈانی گروپ کی شیئر بازار میں 10 فہرست بند کمپنیاں ہیں۔ ان سبھی کمپنیوں کے شیئر بدھ کو ریڈ زون میں رہے اور شام کو کاروبار ختم ہونے پر ان کی مجموعی مارکیٹ ویلویشن 1.12 لاکھ کروڑ روپے کم ہو گئی۔ سب سے زیادہ گراوٹ اڈانی ٹوٹل گیس کے شیئر میں دیکھنے کو ملی۔ اس کمپنی کے شیئر کی قیمت 9.50 فیصد گر گئی۔ اس کے علاوہ اڈانی گرین انرجی کے شیئر کی قیمت 9.07 فیصد، اڈانی انرجی سالیوشنز کے شیئرس کی قیمت 8.54 فیصد، این ڈی ٹی وی کے شیئر کی قیمت 7.92 فیصد اور اڈانی پورٹس کے شیئر کی قیمت 6.97 فیصد تک گر گئی۔

اڈانی گروپ کی دیگر کمپنیوں کی بات کریں تو اڈانی انٹرپرائزیز کے شیئر میں 6.91 فیصد، اے سی سی کے شیئر میں 6.87 فیصد، اڈانی پاور کے شیئر میں 4.99 فیصد، امبوجا سیمنٹس کے شیئر میں 4.58 فیصد اور اڈانی ولمر کے شیئر میں 4.25 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ ان سبھی کا مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن (ایم کیپ) بدھ کے روز 112780.96 کروڑ روپے گھٹ گیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com