مہاراشٹر: ناسک میں راہل گاندھی کا کسانوں سے خطاب، شرد پوار اور سنجے راؤت بھی تھے موجود

ناسک: راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی ‘بھارت جوڑو نیائے’ مہاراشٹر میں داخل ہو چکی ہے اور اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔ راہل نے آج ناسک میں زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی میں کسانوں کے جلسہ میں شرکت کی۔ اس میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار، شیو سینا (ادھو دھڑے) کے لیڈر سنجے راؤت بھی موجود تھے۔

راہل گاندھی نے کسانوں کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”جب تک کوئی شخص کسان کی حالت زار کو نہیں سمجھتا اور کسان کی محنت کا احترام نہیں کرتا، وہ کسان کی مدد نہیں کر سکتا۔ ہماری حکومت کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ آپ محسوس کریں گے کہ دہلی میں ایسی حکومت ہے جو کسانوں کا دفاع کرتی ہے۔”

راہل گاندھی نے کہا، ”ملک میں سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی، بے روزگاری، حصہ داری اور کسانوں کا مسئلہ ہے لیکن اس پر کبھی کوئی بات نہیں کی جاتی ہے۔ پچھلے 10 سالوں میں پی ایم مودی کی حکومت نے آپ کا کتنا قرضہ معاف کیا؟ آج کسان دہلی کے رام لیلا میدان میں کھڑے ہیں۔ مودی حکومت نے آپ کے ایک روپے کا قرضہ بھی معاف نہیں کیا لیکن ارب پتیوں کا 16 لاکھ کروڑ روپے کا قرضہ معاف کر دیا۔”

راہل گاندھی نے مزید کہا، ”آج ملک کے سب سے بڑے مسائل کسانوں، اگنی ویر، بے روزگاری، مہنگائی اور شراکت داری سے متعلق ہیں لیکن ان مسائل پر میڈیا میں کوئی بحث نہیں ہوتی۔ وہاں صرف مودی جی، بالی ووڈ ستارے، اور پاکستان کی بات ہوتی ہے۔ آج میڈیا صرف عوام کا دھیان بٹکانے کا کام کر رہا ہے۔”

انہوں نے کہا، ”آج ملک کے کسانوں کو چاروں طرف سے گھیرا جا رہا ہے۔ کسانوں کو فصل کا صحیح دام نہیں ملتا، فصل کے نقصان پر بیمہ کی رقم نہیں ملتی اور ان پر جی ایس ٹی کا بوجھ بھی ڈال دیا گیا ہے۔ اگر کسانوں کو چوٹ پہنچائی جا رہی ہے تو علاج بھی کرنا ہوگا۔ اس لیے قرض معافی، فصل کا صحیح دام، ایم ایس پی کی ضمانت اور فصل بیمہ یوجنا و جی ایس ٹی کو صحیح طریقے سے نافذ کرنا ہی صحیح علاج ہوگا۔

راہل گاندھی نے کہا، ”کسانوں پر مختلف قسم کے ٹیکس لاگو کیے جا رہے ہیں۔ کانگریس اس جی ایس ٹی کا مطالعہ کرے گی اور ایک ٹیکس کا پروویژن کرے گی۔ ہماری پوری کوشش رہے گی کہ کسان جی ایس ٹی میں نہ رہیں۔”

اس موقع پر سنجے راؤت نے کہا کہ راہل گاندھی عام لوگوں کی بات سنتے ہیں اور ان پر اپنے خیالات نہیں تھوپتے ہیں۔ پہلے ہم کہتے تھے کہ اندرا گاندھی آئی ہیں، نئی روشنی لائی ہیں۔ آج کے وقت میں ہندوستان اور مہاراشٹر کے لیے وہ روشنی راہل گاندھی ہیں۔”

اس اجلاس سے قبل راہل نے ناسک میں روڈ شو بھی کیا۔ بھارت جوڈو نیائے یاترا 14 جنوری کو منی پور سے شروع ہوئی تھی۔ تقریباً 6700 کلومیٹر طویل مارچ 15 مارچ کو تھانے میں داخل ہوگا۔ تھانے میں اپنے قیام کے دوران راہل گاندھی مراٹھا جنگجو چھترپتی شیواجی اور سماجی مصلح باباصاحب امبیڈکر کے مجسموں پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ایم ایل اے (شرد چندر پوار) اور مہاراشٹر کے سابق وزیر جتیندر اوہاد کے مطابق، یاترا 17 مارچ کو ممبئی میں ایک ریلی کے ساتھ ختم ہوگی۔ کانگریس نے شرد پوار کو بھی جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com