دہلی آبکاری معاملے میں ای ڈی کے سمن کو کیجریوال نے سیشن کورٹ میں چیلنج کیا

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مبینہ آبکاری گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعے درج کرائی گئی شکایات پر نچلی عدالت کے ذریعے انہیں جاری کیے گئے سمن کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ کیجریوال کی عرضداشت پر ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال آج سماعت کر سکتے ہیں۔

کیجریوال نے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا کے حکم کے خلاف سیشن کورٹ کا رخ کیا ہے جنہوں نے کیجریوال کو 16 مارچ کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ ای ڈی نے مجسٹریٹ عدالت کے سامنے دو شکایات داخل کرتے ہوئے کیجریوال کو جاری کیے گئے کئی سمن کو نظر انداز کرنے کے لیے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ای ڈی نے کہا تھا کہ نئی شکایت عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 50 کے تحت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے بھیجے گئے سمن نمبر چار سے آٹھ کی پاسداری نہ کرنے سے متعلق ہے۔ اس سے قبل ای ڈی نے مجسٹریٹ کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں پہلے تین سمن کی تعمیل نہ کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اے سی ایم ایل ملہوترا کی عدالت نے سمن نمبر ایک سے تین کو دیگر شکایات کے ساتھ 16 مارچ کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا ہے۔ جبکہ ای ڈ ی کا کہنا ہے کہ کیجریوال اب تک جانچ ایجنسی کے ذریعے جاری کیے گئے 8 سمن کونظر انداز کر چکے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com