شیخ الحدیث مفتی عزیز الرحمٰن چمپارنی کا انتقال، تدفین آج

نئی دہلی : جامعہ رحیمیہ مہندیان کے شیخ الحدیث معروف عالم دین مفتی عزیزالرحمٰن چمپارنی کا طویل علالت کے بعد ۶۶؍برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ اناللہ واناالیہ راجعون ۔مفتی مرحوم کئی روز سے ایل این جے پی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج تھے۔ ان کے انتقال سے دینی وعلمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ  گئی۔ مفتی عزمرحوم جامعہ رحیمیہ مہندیان میں گزشتہ تین دہائیوں سے حدیث کا درس دے رہےتھے اور شاہی جامع مسجد رویت ہلال کمیٹی سے تقریباً دو دہائیوں سے وابستہ تھے ۔

مفتی مرحوم بہار کے مشرقی چمپارن کے گائوںگمہریا تھانہ ڈھاکہ کے رہنے والےتھے،ان کے والد صدیق صاحب کا کالنگ پونگ دارجلنگ میں کاروبار تھا، وہیں مفتی مرحوم کی ولادت ہوئی۔ انہوں نے ناظرہ وحفظ اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی اور اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لئے مدرسہ احیاء العلوم مبارکپور اعظم گڑھ تشریف لے گئے اورپھر دارالعلوم دیوبند سےفراغت حاصل کی۔ آپ نےمدینہ یونیورسٹی میں بھی تعلیم حاصل کی۔ فراغت کے بعد آپ نے قاضی مجاہد الاسلام ؒ کے حکم پر فقہ اکیڈمی میں تحقیق وتدوین کا کام کیا۔ چند ماہ بعد مئو میں واقع دارالعلوم اثریہ، اس کے بعد معروف ادارہ جامعہ ریاض العلوم دہلی اور پھرجامعہ رحیمیہ مہندیان میں حدیث کا درس دیتے رہے۔ ان کے ہزاروں شاگرد ملک وبیرون ملک میں علوم نبویہ کی شمع روشن کررہے ہیں۔ مفتی صاحب کئی کتابوں کے مصنف و مؤلف تھے۔ ان کی تقریر پر لکھی گئی کتاب ’ اصلاحی تقریریں‘ مدارس میں کافی مقبول ہوئی۔ ان کی ایک کتاب عربی ز بان میں ’القول المستحن فی دفع السنن ‘ بھی منظر عام پر آچکی ہے جس میں علامہ ناصرالدین البانی کے اشکالات کے جوابات دیے گئے ہیں ۔ مفتی صاحب نہایت متقی ، پرہیز گاراور سادگی پسند تھے، نمود و نمائش اور تصنع سے دور رہا کرتے تھے ۔ بڑے بڑے اجلاس اور میٹنگوں میں بھی سادہ لباس میں ہی شریک ہواکرتے تھے۔ جامعہ رحیمیہ مہندیان کے تمام اساتذہ مرحوم کے پسماندگان کے غم میں برابرکےشریک ہیں۔ مفتی مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ کےعلاوہ ایک بھائی، ایک بہن اورایک متبنیٰ کے علاوہ دیگر عزیز و اقارب اور ہزاروں شاگرد ہیں۔ ان کے انتقال سے دہلی و ملک کی دیگرریاستوں میں بھی رنج والم کا ماحول ہے۔مرحوم کی تدفین آج بروزجمعرات بعد نماز ظہر قبرستان مہندیان میں عمل میں آئے گی۔انشاءاللہ

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com