جامعہ نگر کی جھگیوں کے حاجت مندوں میں افطار کٹ کی تقسیم

رفاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا اور ملت ٹائمز کے اشتراک سے منعقد تقریب میں افطارکٹ حاصل کرنے والوں نے محسنین کو دعائیں دیں

نئی دہلی: (آئی این این) مشہور رفاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے موقع پر رمضان اسپیشل پیکیج کے تحت افطار کٹ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں ملت ٹائمز کے اشتراک سے خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا نے دہلی کے جامعہ نگر جوگابائی ایکسٹینشن، دھوبی گھاٹ کی جھگیوں میں رہنے والے غریب و حاجت مند روزے داروں کے درمیان افطارکٹ تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر چند معزز شخصیات بھی موجود رہیں۔ قابل ذکرہےکہ ٹرسٹ کی جانب سے رمضان اسپیشل پیکیج میں افطار کٹ، راشن کٹ اور عید گفٹ شامل ہیں، پہلے مرحلے کے تحت جن غربا و مساکین کو افطاکٹ ملے، انہوں نے اپنے معاونین اور مخیر ین کو دل سے دعائیں دی، ان کی صحت و سلامتی، کاروبار میں ترقیات کے لئے خلوص دل سے دعاکی۔

اس موقع پر خدمت خلق ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی، ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریزقاسمی کے علاوہ دونوں اداروں کے کارکنان نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ اس کام کو انجام دیا۔ افطار کٹ میں موجود گیارہ اشیاء میں،کھجور، آٹا، بیسن، چنا، چنے کی دال، تیل، سوئی ، مرمرے، چوڑا، نمک، پاپڑ، چاول اورچینی وغیر ہ شامل ہیں۔ تفصیل بتاتے ہوئے ڈاکٹرشہاب الدین ثاقب قاسمی نے کہاکہ رمضان کریم کے موقع پر ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کو زیادہ سے زیادہ حاجت مندوں تک رمضان اسپیشل پیکیج کے ساتھ پہنچا جاسکے،تاکہ رمضان میں انہیں اچھی اورصحت بخش غذا مل سکے اور حاجت مند بھائیوں کو بھی روزہ افطار اور سحری کرنے میں آسانی ہو۔انہوںنے صاحب خیر کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ ٹرسٹ کی جانب سے یہ سلسلہ جاری رہے گا، ابھی دوسرے مرحلے کے لئے کٹ کی تیاریاں کی جارہی ہیں، انہوں نے زیادہ سے زیادہ اہل خیرسے اس مہم میں حصہ لینے کی درخواست کی۔ ڈاکٹر قاسمی نے کہاکہ اسلام میں خدمت خلق کی بڑی فضیلت ہے اور رمضان کے موقع پر افطا کرانے کے سلسلے میں حدیث پاک میں ہےکہ ’جو شخص کسی روزے دار کو افطار کرائے تو روزے دار کے ثواب میں سے کچھ کمی کیے بغیر افطار کرانے والے کو اتنا ہی اجر و ثواب ملے گا، جتنا روزے دار کو ملے گا‘۔ انہوں نےکہا لوگوں خدمت خلق کے امور میں نہ صرف بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہئے بلکہ خدمت خلق کو اپنی زندگی حصہ بنالینا چاہئے۔ رمضان کریم میں ہر نیکی کا اجرسات سوگنا سے بھی زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے رمضان المبارک میں برادران اسلام خیر و نیکی کے کاموں میں خوب بڑھ چڑھ کر شرکت فرماتےہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ وہ خدمت خلق ٹرسٹ کی انسانی خدمت کی مہم میں اپنا تعاون پیش کرکے اللہ کی رضا اور اجر عظیم کے مستحق بن سکتےہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com