بی جے پی کی ‘400’ ‘پار والی فلم پہلے ہی دن سپر فلاپ ہو گئی تیجسوی یادو کا مودی حکومت پر طنزیہ حملہ

بہار میں لوک سبھا انتخاب کی چار سیٹوں پر ووٹنگ ہونے کے ایک دن بعد آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ہفتہ کے روز بی جے پی پر طنزیہ حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ‘400 پار’ والی فلم پہلے ہی دن ‘سپر فلاپ’ ہو گئی ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے پہلے مرحلہ میں ہی یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی کا 400 سے زیادہ سیٹ جیتنے کا دعویٰ بے بنیاد ثابت ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب کے پہلے مرحلہ میں بہار کی 4 سیٹوں پر جمعہ کے روز ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ کے دوران کا ماحول دیکھ کر اپوزیشن پارٹیاں کافی خوش دکھائی دے رہی ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا راستہ پہلے ہی مرحلے میں ہموار ہو گیا ہے۔ اس معاملے میں بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ ”کاٹھ کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی۔ بی جے پی کے دن اب ختم ہو چکے ہیں۔ ہم (انڈیا اتحاد) بہار کی وہ سبھی چار سیٹیں جیت رہے ہیں جہاں پہلے مرحلہ (19 اپریل) میں ووٹنگ ہوئی ہے۔”

تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ بہار کی چار لوک سبھا سیٹوں گیا، اورنگ آباد، جموئی اور نوادہ میں 2019 عام انتخاب کے مقابلے ووٹ فیصد یقیناً کم رہا، لیکن ان سبھی انتخابی حلقوں میں جیت کے تئیں انڈیا اتحاد مطمئن ہے۔ انڈیا اتحاد میں شامل ایک دیگر پارٹی وی آئی پی (وکاس شیل انسان پارٹی) چیف مکیش سہنی نے اس تعلق سے کہا کہ ”بہار میں جمعہ کو جن انتخابی حلقوں میں ووٹ ہوئے، ان سبھی چار سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدوار جیت رہے ہیں۔ ہم ریاست میں لوک سبھا کی بقیہ 36 سیٹیں بھی جیتیں گے۔”

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com