سرزمین بھپورہ میں ایک شام تعلیم کے نام   پیس انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام 24 کو تعلیمی بیداری کانفرنس و مشاعرہ

دربھنگہ : ہر زمانے میں تعلیم کی اہمیت و افادیت کو تسلیم کیا گیا ہے اور اپنے اپنے دور کے صاحب علم و فن  نے تعلیم کی تئیں زبردست کام بھی کیا ہے اور آج بھی کررہے ہیں۔ اسلام میں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم جیسی مقدس کتاب کے نزول اول ہی میں تعلیم پر زور دیا بلکہ اس سے قبل سے ہی تعلیم کا نظام قائم ہے اللہ تعالیٰ سب سے پہلے معلم   ہیں جس نے سیدنا حضرت آدم علیہ السلام کو ایسی تعلیم سے آراستہ کیا کہ  فرشتے بھی حیران و ششدر رہ گئے اور اپنی کم علمی کا اعتراف کرتے ہوئے بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہو کر یہ کہنے لگے ،انی اعلم مالا تعلمون ،بہر کیف تعلیم سے ہی انسان معرفت الٰہی اور فلاح دارین حاصل کرتا ہے ،ترقی کی راہیں کھلتی ہیں اسی لئے ہر مذاہب میں تعلیم کو اسی قدر اہمیت دی گئی ہے بغیر تعلیم کے  انسانوں کی زندگیاں اس ویرانے سے گھر کی مانند ہیں جس میں صرف خس و خاشاک کے ڈھیر ہوں۔ تعلیم دراصل ایک بامقصد عمل ہے اس سے فرد اور معاشرے کی اصلاح کا کام کیا جاسکتا ہےتعلیم کے حصول کا مقصد کسی اسکول کالجز اور یونیورسٹیوں  سے صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ اس کے ساتھ تمیز،تہذیب سیکھنا بھی ضروری ہے تاکہ انسان اپنے معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال رکھ سکے،الحمدللہ ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج بھی نئی نسل کے کچھ چنندہ نوجوان ایسے ہیں جنھیں اپنے بزرگوں کی اس تعلیمی وراثت کو آگے بڑھانے میں دلچسپی ہے اور وہ تعلیم کی تئیں فکر مند بھی ہیں اور تند دہی کے ساتھ ایجوکیشن کے میدان میں کام کررہے ہیں، انھیں میں سے ایک فعال اور  باصلاحیت نوجوان انجینئر عظمت اللہ ابوسعید  ہیں، جنھوں نے اپنی عمر سے زیادہ بڑا کام اپنے ذمے لیا ہے انھوں نے اپنے آبائی گاؤں کورونی بھپورہ میں  پیس انٹرنیشنل اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح 24 اپریل 2024 کو ہونا ہے اس موقع پر تعلیمی بیداری کانفرنس و مشاعرے کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس کی تیاریاں زورو شور سے چل رہی ہیں، اسکول کے بانی  انجینئر عظمت اللہ ابوسعید نے کہا کہ اسکول کی اس افتتاحی تقریب میں جن علماء دانشوران، صحافیوں، اہل علم اور اہل قلم حضرات کی شرکت ہوگی ان میں ایس ایم اشرف فرید ، سابق ایم ایل اے ڈاکٹر اظہار احمد، حضرت مولانا قاضی محمد عمران قاسمی، ڈاکٹر احمد نسیم آرزو، حضرت مولانا ڈاکٹر ابوالکلام شمسی قاسمی، شمس تبریز قاسمی، ریحان غنی، انوارالہدی، حسن اختر امام جمشید پور، قیصرالنبی، ڈاکٹر شبیر احمد سابق سرجن ، حضرت مولانا مفتی آفتاب غازی ، ایڈووکیٹ عنبر امام ہاشمی، نیاز احمد ، سابق اے ڈی ایم، پی پی نصیر الدین، آل انڈیا مسلم بیداری کارواں قومی صدر نظرعالم، ڈاکٹر یاسر حبیب، ڈاکٹر حسنین قیصر، پروفیسر سونو رجک، منظر سلیمان ، انجینئر خورشید عالم، نیاز احمد انصاف منچ رشید نواب ، وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com