جمعیۃ علماء ہند کے سابق ناظم عمومی اور موجودہ نائب صدر مولانا عبد العلیم فاروقی کا انتقال پر ملال

ممبئی: جمعیۃ علماءہندکےنائب صدر،جانشین امام اہل سنت مولانا عبد العلیم فاروقی ؒکےسانحہ ارتحال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا حافظ مسعود احمد حسامی (کارگزار صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) نے کہا کہ مولانا ایک تاریخی خانوادہ کے بلند پایہ عالم دین، صف اول کے ملیّ رہنما ، مدح صحابہ کے سپہ سالار اور عالمی شہرت کے حامل خطیب و مناظر تھے، ان کی وفات ملت کا ایک عظیم خسارہ ہے۔

 مولانا مسعود احمد حسامی نے کہا کہ آپ فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ اور جانشین شیخ الاسلام مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کے دور صدارت میں طویل عرصے تک جمعیۃ علماء ہندکے ناظم عمومی رہے، پچھلے ایک ٹرم سے پیرانہ سالی کے سبب نائب صدر کے عہدے پر فائز کئے گئے ۔

 مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ہند کی ایک تاریخ تھے، امام اہل سنت مولانا عبد الشکور فاروقیؒ کے حفید اور مناظر اسلام مولانا عبدالسلام فاروقی کے جانشین اور ان کی روایتوں کے امین و پاسبان کی حیثیت سے مولانا مرحوم لکھنؤ میں متعارف تھے ۔

 مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ مولانا فاروقی اس عہد کے ممتاز ملیّ قائد تھے، دین و شریعت،علم و دیانت اور فکر و بصیرت کے گہرے امتزاج سے حالات کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

 مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ان کی زندگی کامشن حضرات صحابہؓ کے فضائل و مناقب کا تذکرہ تھا، وہ ادارہ دار المبلغین کے مہتمم، دارالعلوم دیوبند اور ندوة العلماء کی شوری کے معزز رکن اور بہت سارے مدارس کے سرپرست تھے۔

   اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی تمام خدمات کو شرف قبولیت سے نواز کر جوارِ رحمت میں اعلیٰ  مقام عطا فرمائے، ان کی بال بال مغفرت فرمائے، درجات کو بلند فرمائے، جمعیۃعلماء ہند ، دیگر تنظیموں  و مدارس اور ملت اسلامیہ کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے ۔آمین

 ائمہ مساجد،ذمہ داران مدارس، متعلقین ،محبین ،جماعتی احباب اور عامۃ المسلمین سےمولانا مرحوم کے بلندی درجات اور ایصال ثواب کے اہتمام کی درخواست ہے ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com