جمہوریت کی مضبوطی کے لیے زیادہ سے زیادہ ووٹ کریں، دہلی واقع قطب مینار احاطہ میں جشن ووٹنگ کا انعقاد

نئی دہلی: جنوبی دہلی میں واقع قطب مینار احاطہ میں گزشتہ شب ‘جشن ووٹنگ’ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں جمہوریت کا عظیم الشان جشن منایا گیا۔ جنوبی دہلی ضلع کے ضلع الیکٹورل افسر دفتر کے ذریعہ منعقد اس تقریب میں لوک سبھا انتخاب 2024 سے قبل ووٹرس کی تربیت اور شراکت داری کی اہمیت کو نشان زد کیا گیا۔ تقریب میں دہلی کے چیف الیکٹورل افسر پی کرشن مورتی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے تھے۔ ساتھ ہی جنوبی دہلی کے ضلع الیکٹورل افسر میکلا چیتنیہ پرساد اور پولیس ڈپٹی کمشنر (جنوب) انکت چوہان و دیگر معزز افراد کی موجودگی بھی دیکھنے کو ملی۔

اس موقع پر دہلی کے چیف الیکٹورل افسر پی کرشن مورتی نے سبھی ووٹرس کو انتخاب میں حصہ لینے اور ووٹ دینے کے اپنے حق کا استعمال کرنے کے لیے راغب کیا۔ انھوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ قومی راجدھانی علاقہ دہلی میں کم ووٹ فیصد کی ایک وجہ شہریوں کا مایوس کن روہی ہے۔ انھوں نے تقریب میں موجود لوگوں سے ووٹنگ کے ذریعہ ملک کے لیے تعاون کرنے اور 25 مئی 2024 کو جمہوریت کو مضبوطی فراہم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کرنے کی گزارش کی۔

قابل ذکر ہے کہ ‘جشن ووٹنگ’ پروگرام علمی و تفریحی ثقافتی پیشکش سے بھرپور تھا۔ اس میں ووٹرس کی بیداری پر مرکوز ایک ڈرامہ بھی شامل تھا جس نے ہر ایک ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح پیغام پیش کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں موجود لوگوں نے ‘میں بھارت ہوں’ کی سحر انگیز موسیقی پر لاجواب ثقافتی رقص کا لطف لیا۔

اس تقریب میں کشش کا مرکز یونیسکو ورلڈ ہیریٹج میں شامل مشہور قطب مینار پر پیش کیا گیا ایک شاندار لیزر لائٹ شو تھا۔ یہ پروگرام نہ صرف آنکھوں کو سکون دینے والا تھا بلکہ اس میں شہریوں سے آئندہ انتخاب میں حصہ لینے کی گزارش کرنے والے بااثر پیغامات بھی تھے۔ واضح رہے کہ دہلی کی سبھی 7 لوک سبھا سیٹوں پر چھٹے مرحلہ میں 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com