چار سو پار کے لیے پی ایم مودی کو پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی الیکشن کرانا چاہئے: شکیل احمد

کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت ہند کے سابق وزیر شکیل احمد نے مدھوبنی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کے لیڈران ‘اب کی بار، چار سو پار’ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ چار سو سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کے لیے پی ایم مودی کو پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی الیکشن کرانا چاہیے، تب ہی وہ 400 کو پار کر سکیں گے۔

سابق مرکزی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ کوئی ملک ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھ سکتا لیکن اب چین نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں سڑکیں بنانا شروع کر دی ہیں۔ پی ایم مودی اس کے خلاف کچھ بھی نہیں بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مسلسل میڈیا والوں پر دباؤ ڈال رہی ہے اور میڈیا سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ان کے حق میں اچھی خبریں دکھائیں۔

کانگریس کے لیڈر شکیل احمد نے کہا کہ مدھوبنی لوک سبھا سیٹ سے علی اشرف فاطمی مہاگٹھ بندھن کے امیدوار ہیں۔ انہوں نے عوام سے علی اشرف فاطمی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 23 اکتوبر کو شکیل احمد نے کشن گنج میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم آئی ایم پر ایک مخصوص نظریے والی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کانگریس ہی وہ واحد پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com