دارالعلوم دیوبند میں تعلیمی امور سے متعلق اہم فیصلے، مجلس عاملہ کا یک روزہ اجلاس بحسن و خوبی اختتام پذیر

دیوبند: (سمیر چودھری) دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا دو نشستوں پر مشتمل یک روزہ اجلاس ادارہ کی تعمیر و ترقی کے اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ، صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی کے علاوہ رکن پارلیمنٹ مولانا بدر الدین اجمل ، مفتی محمد اسماعیل مالیگاوں، مولانا رحمت اللہ کشمیری، مولانا انوارالرحمن بجنوری، مولانامحمود راجستھانی شریک ہوئے۔ جبکہ مجلس عاملہ کے رکن مولانا ملک محمد ابراہیم کسی عذر کی وجہ سے شریک اجلاس نہ ہوسکے۔ جبکہ عاملہ کے ایک اہم رکن مولانا عبدالعلیم فاروقی ؒ لکھنو کا گزشتہ ماہ علالت کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ اجلاس میں سب سے پہلے تعزیتی قرار داد منظور کی گئی اور حضرت مولانا عبدالعلیم فاروقیؒ اور ناظم محاسبی نیرّ عثمانی و دیگر شخصیات کے انتقال پر رنج و غم کے اظہار کے ساتھ ان کی ارواح کے لیے ایصال ثواب کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

مجلس عاملہ کے اجلاس میں حسب معمول اجلاس مجلس شوری منعقدہ ماہ شعبان ۱۴۴۵ھ کی کارروائی کی خواندگی عمل میں آئی اور خواندگی کے دوران زیر غور مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مجلس تعلیمی کی رپورٹ پیش کی گئی اور تعلیم سے متعلق امور پر اہم فیصلے لیے گئے،اس کے علاوہ دیگر شعبوں کے نظماء نے بھی اپنی رپورٹیں پیش کیں۔ اجلاس میں دارالعلوم کے تعمیری و انتظامی امور پر بھی غور و خوض ہوا اور ضروری فیصلے لیے گئے۔اس دوران نئے تعلیمی سال کے آغاز کے سلسلہ میں متفق طورپر کچھ نئے ضوابط کو منظوری دی گئی، اساتذہ کی تقرری، انتظامی امور کو مزید بہتربنانے اور شدید گرمی میں طلبہ و اساتذہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے متعلق فیصلے لئے گئے۔ الغرض اہم تعلیمی و انتظامی تجاویز کی منظوری اور ملک وملت کے لیے دعاو ں کے ساتھ مجلس عاملہ کا یہ اجلاس بہ خیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com