دہلی کے ایل جی نے ووٹنگ کی رفتار کم کرنے کا حکم دیا ، چھٹے مرحلے کی ووٹنگ سے پہلے عآپ نے کا سنگین الزام

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کی 25 مئی کو ووٹنگ سے قبل عام آدمی پارٹی نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر پر ووٹنگ کو متاثر کرنے کا حکم دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس مرحلے میں دہلی کی تمام 7 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس ایک ساتھ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ وہیں بی جے پی نے تمام سات سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے لکھا، ”اس طرح کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دہلی کے ایل جی نے دہلی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں ووٹنگ کی رفتار کم کرے جہاں انڈیا اتحاد کے ووٹرز زیادہ تعداد میں ہیں تاکہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”

آتشی نے لکھا، ”انتظامیہ کی طرف سے بی جے پی کو جتانے کی ایسی کوئی بھی کوشش غیر قانونی، غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے۔ مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا اور ایسی کسی بھی کوشش پر روک لگائے گا۔” ان کی اس پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے لکھا، ”یہ چونکا دینے والا ہے۔ الیکشن کمیشن دہلی میں بلاتعطل ووٹنگ کو یقینی بنائے۔”

دہلی کی تمام سات سیٹوں پر بی جے پی اور انڈیا بلاک کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی اتحاد کے تحت انتخابی جنگ میں ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے بی جے پی کے خلاف مشترکہ امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ جہاں عآپ چار سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہے، وہیں کانگریس نے باقی تین سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

عآپ نے مشرقی دہلی سے کلدیپ کمار، مغربی دہلی سے مہابل مشرا، نئی دہلی سے سومناتھ بھارتی اور جنوبی دہلی سے سہی رام پہلوان کو میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس نے چاندنی چوک سے جے پی اگروال، شمال مشرقی دہلی سے کنہیا کمار اور شمال مغربی دہلی سے ادت راج کو امیدوار بنایا ہے۔

جبکہ بی جے پی نے شمال مشرقی دہلی سے منوج تیواری، جنوبی دہلی سے رامویر سنگھ بیدھوری، نئی دہلی سے بنسوری سوراج، مشرقی دہلی سے ہرشدیپ ملہوترا، شمال مغربی دہلی سے یوگیندر چندولیا، چاندنی چوک سے پروین کھنڈیلوال اور مغربی دہلی سے کمل جیت سہراوت کو ٹکٹ دیا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com