عزیز برنی سے ایک سوال

گذشتہ دو ہفتہ سے اردو کے ایک نامور صحافی پر سیاست کا بھوت اس قدر سوار ہے کہ آں محترم نے اپنی منتخب کردہ پارٹی ( پیس پارٹی ) کی انتخابی تشہير کے لئے مثبت ارادوں و عزائم و منصوبوں کے بجائے منفی پروپیگنڈہ کو بروئے کار لاتے ہوئے ھندوستانی سیاست کے ایک جواں عزم و مقبول لیڈر کے خلاف فرسودہ و بیہودہ الزامات کا پٹارہ کھول رکھا ہے اور قلم کی عیاری و زبان کی مکاری سے ان الزامات کو حقائق کا نام دینے کی ناپاک جسارت کی جا رہی ہے جس سے ملت اسلامیہ بے چین ہے اور ایک عجیب ذھنی کشمکش میں مبتلا ہے اس لئے مناسب معلوم ہوا کہ اولاً ان الزامات کی حقیقت عیاں کرکے ریت کے اس قلعہ کو مسمار کیا جائے جسے موصوف لال قلعہ سے تعبیر کر رہے ہیں، ثانیاً یہ واضح کیا جائے کہ آخر آں محترم کو کیا خطرہ درپیش ہے کہ موصوف کو الزام تراشی کی ضرورت محسوس ہوئی ثالثا آں محترم سے بھی ایک سوال کیا جائے جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہوجائے

الزام ( ۱ ) مولانا ارشد مدنی مولانا سلمان ندوی مولانا احمد بخاری مولانا عامر رشادی مولانا اشرف کچھوچھوی فلاں فلاں علماء و فلاں فلاں اداروں نے اسد الدین اویسی کی حمایت نہیں کی ایسا کیوں ؟
جواب آں غزل۔ کیا ان مذکورہ شخصیات و اداروں نے ڈاکٹر ایوب کی حمایت کی ہے ؟
اگر ڈاکٹر ایوب کی بھی حمایت نہیں کی ہے اور یقیناً نہیں کی ہے تو پھر یہ الزام صرف اسد الدین اویسی پر ہی کیوں ؟
ڈاکٹر ایوب پر کیوں نہیں ؟
تعصب یا خارجی دباؤ ؟
الزام ( ۲ ) اویسی صاحب نے جے میم اور جے بھیم کا نعرہ دیکر مایاوتی کے ساتھ آنے کی خواہش ظاہر کی لیکن مایاوتی نے ترجیح دی فلاں فلاں کو ایسا کیوں ؟
جواب آں غزل۔ یہ نعرہ آج بھی برقرار ہے باقی مایاوتی نے جیسے ترجیح اویسی کو نہیں دی ایسے ہی ڈاکٹر ایوب کو بھی ترجیح نہیں دی ہے جبکہ اویسی کی یوپی انتخاب میں پہلی بار شرکت ہے اور ڈاکٹر ایوب کا دوسرا انتخاب ہے
الزام ( ۳ ) کانگریس سے ۲۸ سالہ یارانہ ہونے کے باوجود ایس پی کانگریس اتحاد میں اویسی نظر انداز کیوں ؟
جواب آں غزل۔ کیا اس اتحاد میں ڈاکٹر ایوب کی شرکت ہے ؟
اور کیا یہ اقتدار کے پجاری ہمارے مفادات کے لئے متحد ہوئے ؟
اگر یہ اتحاد مسلمانوں کے مفادات کے لئے ہوا ہے تو پھر عزیز برنی کی اس میں شمولیت کیوں نہیں ؟
اور یاد رہے یہ وہی کانگریس ہے جس نے آسام میں مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی سے اتحاد نہ کیا اور آج مھاراشٹر میں شیوسینا سے اتحاد کے لئے بے چین و بے قرار ہے
دراصل یہ ہماری غلط فہمی ہے کہ ایس پی کانگریس اتحاد فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے کے لئے ہوا ہے ؟
مسلمانوں کے مفادات کے لئے ہوا ہے؟
اگر اتحاد کا مقصد شدت پسند عناصر کی روک تھام اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود ہوتا تو پھر یوپی کا سیاسی منظر نامہ کچھ اور ہی ہوتا، اقتدار کی ہوس نے دونوں کو یکجا کیا ہے اس میں اگر اویسی شریک نہیں تو یہ عیب نہیں خوبی ہے کیونکہ ایک پارٹی بابری کی مجرم ہے تو دوسری دادری کی ۔
الزام ( ۴ ) کسی بھی مسلم لیڈر شپ سے نہ سمجھوتہ اور نہ ہی سیٹوں پر تال میل ایسا کیوں ؟
جواب پیس پارٹی کا جن پارٹیوں سے اتحاد ہے کیا وہ مسلم لیڈر شپ ہے ؟
کیا راشٹریہ علماء کونسل کے بسپا میں انضمام سے قبل پیس پارٹی کا اس کے ساتھ سیٹوں پر تال میل تھا ؟
تو پھر اویسی پر الزام کیوں ڈاکٹر ایوب پر کیوں نہیں ؟
الزام ( ۵ ) اویسی کی اکیلے چلنے کی پالیسی مسلم کمیونل کی پالیسی ہے۔
جواب اگر اویسی اکیلے چلنے کی پالیسی پر گامزن ہوتے تو مایاوتی سے اتحاد کی کوشش نہ کرتے ؟
اور ان کی انتخاب میں شرکت داری جمہوریت پر یقین اور اعتماد کی زندہ مثال ہے۔
الزام ( ۶ ) اویسی کو آر ایس ایس اور بھاجپا کی جانب سے پارلیمنٹ کے اندر و باہر بولنے کی آزادی حاصل ہے تاکہ یوگی جوگی جیسے لوگوں کو منافرت پھیلانے کا جواز فراھم ہو سکے اس لئے اویسی بھاجپا کا ایجنٹ ہے
جواب آں غزل۔ اگر ایجنٹ ہونے کا یہ معیار تسلیم کرلیا جائے تو اس کی زد میں اویسی سے قبل آپ آئیں گے اور اھلِ عقل یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہوں گے کہ جیسے اویسی کو آر ایس ایس کے خلاف بولنے کی آزادی میسر ہے ایسے ہی عزیز برنی کو آر ایس ایس کے خلاف لکھنے کی آزادی ہے تاکہ آر ایس ایس کے چمچوں کو مذھبی منافرت کے مزید مواقع میسر ہو سکیں
اور شاید یہ نمک حلالی کا ہی اثر ہے کہ عزیز برنی نے سہارا کو الوداع کہتے وقت اپنے آقاؤں ( RSS ) سے معافی مانگی تھی
الزام ( ۷ ) پیس پارٹی نے پہلی بار اتر پردیش انتخاب میں حصہ لیا تو 73 مسلمان امیدوار کامیاب ہوئے اور مجلس نے BMC انتخاب میں شرکت کی تو فرقہ پرست کامیاب ہوئے ایسا کیوں ؟
جواب واہ کیا عجیب منطق ہے BMC انتخاب کو اسمبلی انتخاب کے مساوی قرار دیدیا، ایں چہ بوالعجبی است
محترم اگر مہاراشٹرا میں کانگریس اور اس کی ہمنوا پارٹیاں ( NCP.SP) ناکام ہوئی ہیں تو اویسی کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی نااھلی اور غیر دانشمندی کی وجہ سے جیسے دیگر ریاستوں میں ….

کیا کشمیر میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مشترکہ حکومت کی وجہ بھی اویسی ہیں
کیا آسام میں کانگریس کی شکست کی ناکامی کا سہرا بھی اویسی کے سر ہے
کیا ہریانہ میں بی جے پی حکومت بھی اویسی کی دین ہے
کیا راجستھان مدھیہ پردیش وغیرہ دیگر ریاستوں میں بی جے پی حکومت کی وجہ اویسی ہیں
عزیز برنی صاحب کانگریس کی نا اھلی کا ٹھیکرا کسی مسلم کے سر مت پھوڑیے

عزیز برنی اویسی کے خلاف کیوں ؟
عزیز برنی کی مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ موصوف نے سیاسی مفادات کے لئے جس پارٹی کا انتخاب کیا ہے وہ حالتِ نزع میں ہے اس کے چار منتخب ممبرانِ اسمبلی میں سے ۳ ممبرانِ اسمبلی تو چند سال قبل ہی پیس پارٹی کو طلاق مغلظہ دے چکے ہیں اور پارٹی کے واحد ممبر اسمبلی اور قومی صدر ڈاکٹر محمد ایوب صاحب کے لئے اپنی سیٹ کو بچا پانا مشکل ہو رہا ہے اور مجلس نے اس سیٹ پر مضبوط امیدوار کو اتار کر پیس پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے جس سے ڈاکٹر ایوب اور عزیز برنی دونوں صدمے میں ہیں اس خطرہ کے پیشِ نظر الزام تراشی کا سہارا لیا جارہا ہے تاکہ پیس پارٹی کم از کم اپنے قومی صدر کی سیٹ کو محفوظ رکھ سکے
ایک اہم سوال
آخر میں عزیز برنی سے میرا ایک سوال ہے جس کا ان کے اور انکی پارٹی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے
سوال یہ ھیکہ جب آپکے بقول اویسی آر ایس ایس اور بی جے پی کا ایجنٹ ہے تو پھر آپکی پارٹی کی جانب سے اویسی کو اتحاد کی پیشکش کیوں کیگئ ؟
چور چور موسیرے بھائی یا کچھ اور ؟؟؟؟
جواب کا منتظر …….
محمد سفیان قاسمی فتحپوری
★ مدرسہ اسلامیہ حسینیہ اغوان پور میرٹھ

SHARE