مہاراشٹر کے مسلمانوں نے ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کو اپنا بنایا

شیوسینا کے بانی بالا صاحب ٹھاکرے نے جس پارٹی کی بنیاد رکھی تھی وہ مسلمانوں کے لیے اچھوت تھی۔ بالا صاحب کے بیانات کی وجہ سے مہاراشٹر کے مسلمان ان کی پارٹی کو اپنا سیاسی دشمن سمجھتے تھے لیکن مسلمانوں نے ادھو ٹھاکرے کے لیے اپنے دل کے دروازے کھول دیے۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کو مسلم طبقہ کی شکل میں ایک نیا ووٹر ملا ہے، جو اس کی سیاسی کشتی کو چلانے میں کارآمد ثابت ہوا۔

دراصل مسلم طبقہ نے لوک سبھا انتخابات میں ادھو ٹھاکرے پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ مسلم اکثریتی اسمبلی حلقوں جیسے مانکھرد، کرلا، گوونڈی، انوشکتی نگر، ممبا دیوی، چاندیوالی، گھاٹکوپر ویسٹ، بائیکلہ، ملاڈ-ملوانی کے ووٹروں نے یکطرفہ طور پر ادھو ٹھاکرے اور مہاوکاس اگھاڑی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ادھو کو ممبئی میں چار میں سے تین سیٹیں ملیں۔ اس کے ساتھ ہی مہاوکاس اگھاڑی کے کھاتے میں 4 سیٹیں آگئی ہیں۔ اعداد و شمار اس بات کی گواہی دے رہے ہیں۔

اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں ایک بہت ہی خاص چیز نظر آ رہی ہے۔ جہاں ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا نے ممبئی جنوبی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سیٹ سے اروند ساونت نے شیو سینا کی شندے دھڑے کی یامنی جادھو کو شکست دی ہے۔ اس لوک سبھا سیٹ میں 6 اسمبلی حلقے ہیں، جن میں سے ورلی میں 6,4844 ووٹ ڈالے گئے، شیوادی میں 76,053 ووٹ ڈالے گئے، اور مالابار ہل میں 39,573 ووٹ ڈالے گئے۔ جبکہ ممبادیوی ایک مسلم اکثریتی اسمبلی ہے جس میں 77,469 لوگوں نے ووٹ دیا۔ ساتھ ہی کولابہ کے 48,913 ووٹر بھی شامل ہیں۔ جس میں اروند ساونت نے تقریباً 395655 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

اس بار ممبئی جنوبی وسطی لوک سبھا سیٹ سے شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کے انل دیسائی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہیں کل 3,95,138 ووٹ ملے۔ جہاں ان کا مقابلہ شنڈے گروپ کے راہل شیوالے سے تھا۔ جنہوں نے 3,41,754 ووٹ حاصل کیے۔ اس دوران انل دیسائی کو انوشکتی نگر مسلم اکثریتی سیٹ سے 79,767 ووٹ ملے۔ جبکہ چیمبور سے 61,355، دھاراوی کے مسلم اکثریتی علاقے سے 76,677، سیون سے 70,931، وڈالا سے 49,114 اور ماہم سے 55,498 ملے جو کہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔

وہیں، اس بار شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کے سنجے دینا پاٹل ممبئی شمال مشرقی لوک سبھا سیٹ سے جیت گئے ہیں۔ انہیں کل 4,50,937 ووٹ ملے۔ جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے مہر چندرکانت کوٹیچا سے تھا، جنھیں 4,21,076 ووٹ ملے۔ اس دوران سنجے دینا پاٹل کو ملنڈ سے 116421، وکرولی سے 52807، بھنڈوپ سے 75659، گھاٹ کوپر ویسٹ سے 63370، گھاٹ کوپر ایسٹ سے 83231 ووٹ ملے۔ جبکہ مانکھرد-شیواجی نگر سے 28101 ووٹ ملے جو کہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔

ساتھ ہی شیوسینا ادھو ٹھاکرے دھڑے کے ترجمان آنند دوبے نے کہا کہ مہاراشٹر میں بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے کے ساتھ ممبئی کے مسلم ووٹروں میں ادھو ٹھاکرے کی ساکھ بڑھی ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران ادھو اپنا پیغام اقلیتی برادری کے لوگوں تک پہنچانے میں کامیاب رہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شیو سینا نے ممبئی کی 4 میں سے 3 سیٹیں جیتی ہیں۔

کانگریس کے رہنما نسیم خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران ادھو ٹھاکرے نے بھی عوام کے درمیان اپنے خیالات کا واضح اظہار کیا۔ جس طرح سے بی جے پی نے ان کی شبیہ اور ان کے ہندوتوا کے بارے میں غلط بیانیہ قائم کرنے کا کام کیا تھا ادھو ٹھاکرے نے اس کو توڑا ے۔ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو اس کا واضح اور قطعی جواب دیا ہے۔ ادھو نے اپنے ہندوتوا کی تعریف عام لوگوں میں کی۔

ماہر انوراگ ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ ہندوستان بھر میں مسلم ووٹروں نے مودی جی کو شکست دینے کے مقصد سے ٹیکٹیکل ووٹنگ کی ہے۔ اس کا اثر ممبئی کے لوک سبھا انتخابات میں بھی دیکھا گیا، جہاں شیوسینا (یو بی ٹی) ممبئی کی زیادہ تر سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی تھی۔ اسی لیے ادھو ٹھاکرے کو مسلم ووٹوں کا فائدہ ہوا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com