نئی دہلی: ( پریس ریلیز) کویت میں آتشزدگی کے واقعہ پر انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہت بڑا واقعہ بتایا ۔ آئی او ایس کے جنرل سکریٹری محمد عالم نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کویت میں آگ لگنے کا واقعہ نے دلی صدمہ پہونچایاہے اور مشکل کی اس گھڑی میں آئی او ایس سبھی متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہے ۔
واضح رہے کہ کویت میں بدھ کے روز ایک عمارت میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 41 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ خلیجی ملک سے آنے والی خبروں کے مطابق مرنے والوں میں وہاں کام کرنے والے تقریباً 30 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ آگ بدھ کو علی الصبح کویت کی جنوبی احمدی گورنری کے علاقے منگاف میں واقع 6 منزلہ عمارت کے باورچی خانہ میں لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمارت میں تقریباً 160 لوگ رہتے تھے جو ایک ہی کمپنی کے ملازم ہیں۔ وہاں رہنے والے بہت سے ملازمین ہندوستانی ہیں۔، کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک ہنگامی ہیلپ لائن نمبر +965-65505246 جاری کیا ہے۔ تمام متعلقہ افراد سے درخواست ہے کہ تازہ کاری کے لئے اس ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ سفارت خانہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
محمد عالم نے مزید کہاکہ اس المناک واقعہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ بھارتیہ سفارت خانہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افراد کو مکمل مدد فراہم کررہاہے ۔ حکومت ہند سے بھی سبھی متاثرین کی ہنگامی مدد کرنے کی اپیل ہے ۔