میاسی اردو اکیڈمی کے سہ ماہی آن لائن اردو کورس کے پہلے بیچ کے کامیاب تکمیل پر جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد

چننئ : (ساجدندوی) میاسی اردو اکیڈمی (مسلم ایجوکیشنل اسوسی ایشن آف سدرن انڈیا) کے زیر اہتمام سہ ماہی آن لائن اردو کورس کے پہلے بیچ کے کامیاب تکمیل پر جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا اور کورس کو مکمل کرنے والے تقریباً 40 سے زائد طلبا و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا ۔ پروگرام کا آغاز حضرت مولانا سکندر صاحب امام وخطیب مسجد نیوکالج، چنئی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر طیب خرادی ، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو، نیوکالج نے انجام دی۔ میاسی اردو اکیڈمی کے کنوینر جناب محمد روح اللہ صاحب نے کلمات استقبالیہ پیش کیا جس میں انہوں نے میاسی اردو اکیڈمی کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ میاسی اردو اکیڈمی دراصل میاسی کی ایک ذیلی تنظیم ہے، جس کا مقصد اردو کو فروغ دینا اور گھر گھر اردو پہونچانا ہے۔ اس مقصد کے لیے میاسی اردو اکیڈمی مختلف میدانوں میں کام کررہی ہے، اسی سلسلہ کی ایک کڑی آن لائن کے ذریعہ اردو تعلیم کو عام کرنا اور جدید ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان لوگوں کو اردو پڑھانا اور سکھاناہے جو کسی وجہ سے اسکول و کالج میں اردو کی تعلیم حاصل نہ کرسکے۔ جنوری 2024 میں پہلے بیچ کا آغاز کیا گیا تھا جس میں سو سے زائد طلباء و طالبات نے داخلہ لیا لیکن امتحان میں صرف 40 طلباء و طالبات نے شرکت کی اور ان کو اسناد سے نوازا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان شاء اللہ اگلے بیچ کا آغاز 10 جولائی2024 سے ہوجائے گا۔ لہذا محبان اردو زیادہ سے زیادہ اس بیچ میں شریک ہوکر اردو پڑھنا ،لکھنا اور بولنا سیکھیں۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ یہ کورس بالکل مفت ہے اور اس میں کسی بھی مذہب اور کسی بھی عمر کے مردو خواتین حصہ لے سکتے ہیں۔ میاسی کے اسسٹنٹ سکریٹری جناب منڈی اسلم صاحب نے کہا کہ روز اول سے میاسی اردو کی حفاظت کے لیے کوشاں ہے ۔ اسی کوشش کے پیش نظر تقریباً 2015 میں میاسی نے شعبہ اردو نیوکالج میں بی اے اردو کی شروعات کی تھی۔ پورے صوبہ تمل ناڈو میں نیوکالج واحد ادارہ ہے جہاں بی اے اردو قائم ہے اور اس کورس سے اب تک سو سے زائد طلباء فارغ ہوکر مختلف میدانوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 مہمان خصوصی اور مسلم ایجوکیشنل اسوسی ایشن آف سدن انڈیا (میاسی) کے سکریٹری جناب الیاس سیٹھ صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ میاسی کا قیام 1902 میں ہوا او ر اپنے قیام اول سے ہی اس نے تعلیمی میدان میں نمایا کردار ادا کیا ہے۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد اردو ، عربی اور فارسی کو فروغ دینا ہے۔ خصوصاً مادری زبان اردو کے فروغ کے لیے میاسی اردو اکیڈمی کا قیام کیا گیا ۔ میاسی اردو اکیڈمی کے زیر نگرانی سہ ماہی آن لائن اردو تعلیم کا آغاز جنوری میں ہوا تھا جس کے پہلے بیچ کی کامیابی پر آج یہ جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اردو سے شیریں کوئی زبان نہیں بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ اردو میں جتنی مٹھاس ہے وہ مٹھاس آج تک میں نے کسی بھی مٹھائی میں محسوس نہیں کی۔ اس لیے آپ تمام لوگ اس کورس سے فائدہ اٹھا تے ہوئے اردو کو گھر گھر پہونچانے میں ہماری مدد کریں۔ نیوکالج کے پرنسپل ڈاکٹر اسرار شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو دنیا کی دس بڑی زبانوں میں سے ایک ہے، ہم سب کو یہ زبان سیکھنی چاہیے اور میاسی کے اس آن لائن کورس سے ہمیں بھرپور فائدہ اٹھا نا چاہیے۔ میاسی کے اسسٹنٹ سکریٹری جناب نظر محمد صاحب نے ہدیہ تشکر پیش کرتے ہوئے حصول اسناد کے لیے دور دراز سے آئے ہوئے طلبا و طالبات کا اور سامعین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اردو کی حفاظت ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، اس زبان میں مذہب اسلام کے بہت سے ذخیرے موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے اردو کا سیکھنا ضروری ہے۔ اس پروگرام میں شہر کے عمائدین، ادباء و شعراء، وائس پرنسپل ڈاکٹر شبیر و ڈاکٹر عبداللہ محبوب، میاسی کے اعزازی خازن ایس ایم سلیم ، اسسٹنٹ سکریٹری منیر الدین شیریف، نیوکالج کے سابق پرنسپل میجر زاہد حسین اور میاسی کے ایزیکٹیو ڈائریکٹر اشتیاق احمد کے علاوہ کالج کے اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں شعبہ اردوکے اساتذہ ڈاکٹر غیاث احمد، ڈاکٹر طیب خرادی، پروفیسر سید شبیر حسین، پروفیسر سید باقر عباس ، پروفیسر ساجد حسین اور طلباء نے بھرپور تعاون کیا ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com