اجیت پوار گروپ کے 22 ارکان اسمبلی شرد پوار گروپ کے رابطے میں ایم ایل اے روہت پوار کا دعویٰ

ممبئی: مہاراشٹر میں جاری اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران این سی پی-ایس پی گروپ کے قدآور لیڈر اور رکن اسمبلی روہت پوار کے ایک دعوے سے مہاراشٹر کی سیاست میں بھونچال سا آگیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اجیت پوار گروپ کے 22 ارکان اسمبلی شرد پوار گروپ کے رابطے میں ہیں اور یہ کہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اجیت پوار گروپ کو 20-22 سیٹوں سے زیادہ نہیں دے گی۔ روہت پوار کا یہ دعویٰ اس لیے بھی کافی اہم مانا جا رہا ہے کہ 6 ماہ کے اندر ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔

مراٹھی نیوز پورٹل ‘اے بی پی ماجھا’ سے بات کرتے ہوئے روہت پوار نے ایک اور دعویٰ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اجیت پوار کے گروپ کو محض 20 سیٹیں ہی دے گی۔ اگر اجیت پوار گروپ 20 سیٹوں پر راضی نہیں ہوگا تو بی جے پی اسے علاحدہ طور الیکشن لڑنے کے لیے کہے گی۔ روہت پوار نے مزید کہا ہے کہ انہیں (اجیت پوار) کو بھی معلوم ہے کہ بی جے پی ان کا استعمال کرنے والی ہے۔ اس لیے یا تو اجیت پوار بی جے پی کے ساتھ رہیں اور انہیں 20 سے 22 سیٹیں دی جائیں گی۔ اگر وہ بی جے پی کے ساتھ نہیں رہیں گے تو ان کے امیدوار تمام سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے مگر کوئی بھی نہیں جیتے گا۔

این سی پی-ایس پی کے لیڈر نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں اجیت پوار گروپ کی جو حالت ہوئی ہے اس کی وجہ سے اجیت پوار گروپ میں زبردست بے چینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار گروپ کے 22 ارکان اسمبلی شرد پوار گروپ کے رابطے میں ہیں۔ روہت پوار نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ بی جے پی ہمیشہ عوامی لیڈروں کو ختم کرتی ہے اور اجیت پوار کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہونے والا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست میں اجیت پوار کو مہایوتی کے کارکنان اور لیڈران کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پونے کے بعد اب انداپور میں بھی ایک پروگرام مہایوتی کے کارکنوں نے اجیت پوار کا علانیہ نام لیتے ہوئے ان کے تئیں اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ روہت پوار کا کہنا ہے کہ مہایوتی کے کارکنان و لیڈران اجیت پوار کی جس طرح کھل کر مخالفت کرنے لگے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔

یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ مہاراشٹر میں اسمبلی سیٹوں کی تقسیم پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ لوک سبھا کی طرح مہاراشٹر اسمبلی میں بھی مہایوتی بمقابلہ مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) ہوگا۔ لوک سبھا میں مہاوکاس اگھاڑی کو بھرپور کامیابی ملی جبکہ مہایوتی کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ مہایوتی میں شامل اجیت پوار گروپ کی این سی پی کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جس کے بعد بی جے پی کے اندر سے ہی اجیت پوار کومہایوتی میں شامل کرنے پر عتراض اٹھ رہے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com