ممبئی میں شدید بارش، ہرطرف پانی ہی پانی نظام زندگی درہم برہم، فلائٹ، ٹرین سروس متاثر، اسکول وکالج بند، پانچ طویل مسافتی ٹرینیں اور ۵۰ فلائٹس رد، آئندہ چار دنوں تک موسلا دھار بارش کی پیشین گوئی

ممبئی:  (نمائندہ خصوصی)  ممبئی میں اتوار کی شب ایک بجے سے پیر کی صبح سات بجے تک چھ گھنٹوں طوفانی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں، اسکول وکالج میں چھٹی کردی گئی ہے، فلائٹ سروس میں بھی خل پڑا ہے، ان چھ گھنٹوں میں تقریباً ۳۰۰ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ تیز بارش کی وجہ سے ۵۰ پروازوں کو رد کردیاگیا ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ پٹریوں پر پانی بھرنے کی وجہ سے ممبئی ڈویژن کی پانچٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ کچھ مقامی ٹرینیں بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ممبئی میں بی ایم سی نے سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں آج کے لیے چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔اسی دوران، مہاراشٹر کے رائے گڑھ قلعے میں پیر کی صبح تین بجے سے تیز بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے قلعے کی سیڑھی پر تیز رفتاری سے پانی بہہ رہا ہے۔ کئی سیاح قلعے کے اوپر ہی پھنسے ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ممبئی میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ اور آئندہ چار دنوں تک موسلا دھار بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے، ۷جولائی کی صبح ۸ بجے سے ۸ جولائی کی صبح ۶بجے کے درمیان ۲۲گھنٹوں کے دوران ممبئی سینٹرل میں ۱۱۰ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ ایسٹرن ممبئی میں ۱۵۰ملی میٹر بارش ہوئی۔ ویسٹرن ممبئی میں۱۴۶ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بی ایم سی کے حکام نے بتایا کہ پانی بھرنے کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اہلکار گرائونڈ پر موجود ہیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا کام مسلسل جاری ہے۔ بی ایم سی نے ممبئی کے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ بہت ضروری ہونے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ماحولیات کے کارکنوں نے پانی بھرنے کے لیے ممبئی میٹرو کی تعمیر کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پورے شہر میں بنائے گئے کنکریٹ کے ڈھانچے کی وجہ سے پانی زمین میں جذب نہیں ہو پا رہا ہے۔ سڑکیں بھی سیمنٹ کی بنی ہوئی ہیں اور نکاسی آب کا نظام اب بھی انگریزوں کے زمانے کا ہے۔بتادیں کہ ممبئی کے بھاندوپ ریلوے اسٹیشن پر پوری ریلوے پٹری پانی میں ڈوب گئی تھی، وہیں کرلا، ودھیا وہار، سائن اور ماٹونگا کے درمیان بھی پانی کا جمائو تھا جس کی وجہ سے ایک گھنٹے تک ٹرین سروس روک دی گئی تھی۔تھانے پولیس اسٹیشن کے پاس گھٹنوں تک پانی بھر جانے کی وجہ سے بچوں کو اسکول جانے میں دقت ہوئی۔ تاہم بعد میں اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔وڈالا اور جی ٹی بی ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹری پر پانی بھرنے کی صورتحال دیکھنے نظر آئی۔ تاہم، صبح ۸بجے کے بعد نکاسی کے سبب پانی کم ہونے لگا۔ممبئی کے ولےپارلے سب وے میں گھٹنوں تک پانی بھر گیا۔ لوگوں کو دقت ہوئی۔اب بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com